شیخوپورہ : کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کے لئے میکانزم تیار کرلیا گیا ہے-طارق علی بسرا

باغی ٹی وی،شیخوپورہ (محمد طلال سے) شیخوپورہ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ طارق علی بسرا کی زیر صدارت کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کو حکومتی ہدایات اور ویژن کے مطابق کامیاب کرنے کے حوالہ سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور مہم کی کامیابی کیلئے میکانزم مرتب کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کو کامیاب بنانے کے لئے متعلقہ محکمے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ ضلع بھر میں صفائی کے نظام کو بہتر کیا جائے اور زیادہ سے زیادہ شجر کاری کو یقینی بنایا جائے۔اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل استعمال میں لائے جائیں۔ حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق کلین اینڈ گرین پنجاب مہم کو کامیاب بنائیں گے۔ ہمارا مقصد ضلع بھر کو سر سبز و شاداب کرنا ہے۔ تمام سرکاری دفاتر اور دیگر اداروں میں شجر کاری کی جائے کیونکہ درخت لگا کر ہی ماحول کو آلودگی سے پاک کیا جا سکتا ہے۔ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے کہا کہ درخت ہر جاندار کیلئے آکسیجن بنانے کا ذریعہ ہیں ، درخت ہمارے ماحول کو معطر ، خوبصورت اور خوشگوار بناتے ہیں اور موسمیاتی تبدیلیوں کے برے اثرات کو روکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے حصے کا ایک پودا ضرور لگائے اور اسکی نگہداشت کرے۔ انہوں نے کہا کہ شجر کاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ہم زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر ہی اپنے ملک کو آلودگی سے پاک اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کو کنٹرول کر سکتے ہیں۔ عوام کو چاہیے کہ حکومت کی طرف سے نہایت سستے داموں فراہم کئے جانے والے پودوں کو حاصل کریں اور ہر شخص وطن عزیز کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے مزید کہا کہ شجر کاری ثواب ، اقتصادی فائدہ اور بہتر صحت کا سبب ہے اور شجرکاری کا ہوا کی آلودگی کے خاتمے اور زمین کی خوبصورتی میں اہم کردار ہے جس کے فروغ کے لیے اہم اقدامات کررہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر طارق علی بسرا نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سرمد تیمور ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) مظہر علی سرور ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) میاں نذیر احمد ، تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن شیخوپورہ فیصل جاوید ، چیف وارڈن سول ڈیفنس چوہدری محمد الیاس گجر ، چیف آفیسر ضلع کونسل احسن عنایت سندھو ، ضلع برکی میونسپل کارپوریشنز کے چیف آفیسر اور تمام متعلقہ محکموں کے ضلعی سربراہان موجود تھے۔

Leave a reply