دبئی :یورپ میں ایک تہائی کوکین سپلائی کرنے والا برطانوی منشیات فروش دبئی سےگرفتار کرلیا گیا ہے،عرب امارات کے ذرائع کے مطابق منشیات فروشی کے برطانوی سرغنہ کو اسپین سے فرار ہو کر دبئی پہنچنے پر گرفتار کیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق منشیات فروشوں کا سرغنہ اسپین میں بیٹھ کر منشیات کا دھندہ چلا رہا تھا۔

میڈیارپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ پانچ ممالک میں چھاپوں کےدوران گروہ کے 49 مشتبہ ارکان کو گرفتار کیا گیا۔ اسپین کی گارڈیا سول فورس نےاسپین، فرانس، بیلجیئم، ہالینڈ اور یو اے ای میں چھاپے مارے۔ اسپین کی گارڈیا سول فورس یوروپول کے آپریشن کا حصہ ہے۔

اماراتی میڈیا کے مطابق ہیگ میں قائم تنظیم یوروپول کے تعاون سے سپین، فرانس، بیلجیئم، نیدرلینڈز اور متحدہ عرب امارات میں ہونے والی تحقیقات کے دوران 30 ٹن سے زائد منشیات ضبط کی گئیں، اس حوالے سے یوروپول نے بتایا ہے کہ ایک بہت بڑی منشیات "سپر کارٹیل” کو ختم کر دیا گیا ہے جو یورپ کی کوکین کی تجارت کے ایک تہائی کو کنٹرول کرتا تھا، اس دوران مختلف ممالک میں 49 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں دبئی میں 6 اہم مشتبہ افراد بھی شامل تھے۔

اس حوالے سے گارڈیا سول فورس کا کہنا ہے کہ دبئی سے یورپین کوکین سپر کارٹیل کو کنٹرول کرنے والے ڈرگز لارڈز کا صفایا کر دیا ہے۔

ترجمان گارڈیا سول فورس کے مطابق گرفتار 7 افراد کو ہائی ویلیو ٹارگیٹ کی حیثیت حاصل تھی۔ مارچ 2020 میں ویلنسیا سے 700 کلوگرام کوکین والا کنٹینر پکڑنے پر اس آپریشن کی اطلاع ملی تھی۔

میڈیارپورٹ کے مطابق منشیات فروش، کوسٹا ڈیل سول میں کالا دھن سفید کرنے کیلئے رئیل اسٹیٹ کا بزنس بھی چلا رہے تھے۔

دریں اثنا مغربی میڈیا کا کہنا ہے کہ سُپر کارٹیل کہلانے والا یہ گروہ یورپ میں مبینہ طور پر ایک تہائی کوکین کنٹرل کرتا تھا۔ مالاگا، میڈرڈ اور بارسلونا میں چھاپوں کے علاوہ دبئی اور اسپین سے 6 ڈرگ لارڈز گرفتار کیےجا چکے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ بین الاقوامی گروہ کا سرغنہ برطانوی شہری اسپین سے فرار ہو کر دبئی چلا گیا تھا۔ یورو پول کی سربراہی میں آپریشن ہالینڈ، فرانس، بیلجیئم اور دبئی پولیس کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے۔

دوسری طرف متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اوروزیر داخلہ شیخ سیف بن زایدآلِ نہیان نے منشیات کے عالمی سرغنوں اور بڑے پیمانے پر منشیات کی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ میں ملوّث بین الاقوامی جرائم پیشہ نیٹ ورک کے انچاس ارکان کی گرفتاری کوسراہا ہے۔

یہ گرفتاریاں متحدہ عرب امارات کی وزارتِ داخلہ کی بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں عمل میں آئی ہیں۔ان کی نمائندگی دبئی پولیس جنرل کمان اور یورپی یونین کی ایجنسی برائے نفاذِقانون اورتعاون (یوروپول)اور بیرون ملک قانون نافذکرنے والے اداروں نے کی ہے۔ان کی اس کارروائی کوآپریشن ڈیزرٹ لائٹ کانام دیا گیا ہے۔

شیخ سیف آلِ نہیان نے اس کارروائی کی کامیابی کو بین الاقوامی سطح پرمنی لانڈرنگ اور منشیات کی اسمگلنگ کے جرائم سے نمٹنے کے لیے شریک ممالک کے درمیان نتیجہ خیز بین الاقوامی تعاون اورکوششوں کا نتیجہ قراردیا ہے۔انھوں نے دنیا میں تحفظ اورسلامتی کو یقینی بنانے کی غرض سے مختلف ممالک کی پولیس ایجنسیوں کے ساتھ فعال مواصلاتی چینلزکو برقرار رکھنے کے لیے یواے ای کی دلچسپی کا اعادہ کیا ہے۔

Shares: