ٹھٹھہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار راجہ قریشی) پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوششوں جبکہ سندہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں بحال ہو گئی ہیں جس سے کھیلوں کو فروغ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری) حضور بخش خاصخیلی نے مکلی کرکٹ گراؤنڈ میں جاری کرکٹ میچ کے دوران کھلاڑیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈی ای او عبدالحمید سومرو، ایجوکیشن آفیسر ثناء اللہ جوکھیو، اسکول فوکل پرسن محمد صفدر ٹھٹوی، محمد شریف گجر، سینیئر گسٹا رہنما قمر الدین سرائی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے نمائندہ احمد علی بلوچ بھی موجود تھے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (سیکنڈری) حضور بخش خاصخیلی نے کہا کہ ہم تعلیمی اداروں میں دیگر کھیلوں کے فروغ پر بھی کام کر رہے ہیں تاکہ نوجوان صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب ہو سکیں۔ چیمپئن شپ میں کھیلے گئے میچ میں گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول گھارو کی ٹیم نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول ٹھٹھہ کی ٹیم کو 7 وکٹوں سے شکست دی، میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہائی اسکول ٹھٹھہ کی ٹیم 71 رنز پر ڈھیر ہو گئی، قمر الدین 20 رنز بنا کر نمایاں رہے، گھارو ہائی اسکول کے بالر شاہد علی نے 17 رنز دیکر چار شاندار وکٹیں حاصل کیں جبکہ نمعان خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ گھارو اسکول کی ٹیم نے مطلوبہ ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، نعمان خان نے 23 رنز کی اننگ کھیلی۔ میچ میں بھترین آل راؤنڈر پرفارمنس دینے والے گھارو اسکول کے کھلاڑی نعمان خان کو مین آف میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ایونٹ کے دوسرے میچ میں وزڈم اسکول کی ٹیم نے گل منڈا ہائی اسکول کی ٹیم کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا۔ میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گل منڈا ہائی اسکول کی ٹیم 73 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ صدام حسین 33 رنز بنا کے نمایاں رہے، وزڈم اسکول کے بالر سرمد علی نے بھترین بولنگ کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ توحید علی اور عبدالکبیر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ وزڈم اسکول نے مقررہ ہدف با آسانی ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا، شھباز خان نے 23 رنز اسکور کیے۔ وزڈم اسکول کے سرمد علی کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ ان میچوں کے آفیشل میں احمد علی بلوچ، جمعہ خان اور وحید علی شامل رہے۔

Shares: