مایوس موت کی منتظر قبریں — ریاض علی خٹک

0
45

افریقی ملک آئیوری کوسٹ کے غریب کان کنوں کو سونے کی تلاش میں ایک کنویں میں کام کرتے اگر آپ دیکھیں گے تو آپ کا پہلا ردعمل ہوگا کیا یہ پاگل ہیں.؟ یہ نہ صرف انتہائی محنت و مشقت کا کام ہے بلکہ یہ موت کے ساتھ کھیلنا ہے. سونا دریا کے نشیبی علاقوں میں دستیاب ہے جہاں تھوڑی کھدائی کرتے ہی اطراف سے پانی رسنے لگتا ہے. نیچے کیچڑ بنتی ہے اور کنوئیں کی دیواروں سے مٹی گرتی ہے. اسے لکڑیاں لگا کر یہ روکنے کی کوشش کرتے ہیں.

نیچے بہت سا کیچڑ نکال کر وہ چٹانی ٹکڑے ملتے ہیں جن کے ساتھ تھوڑا بہت سونا چپکا ہوتا ہے. سونا اتنا ہی ملتا ہے جو بمشکل دیہاڑی پوری کر پاتا ہے. پھر یہ پاگل پن کیوں؟ تو اس کیوں کا بہت سادہ جواب ہے کہ پھر یہ کریں تو کیا کریں؟ یہی مزدور سیزن میں کوکوا کے فارمز پر جاتے ہیں اور سخت گرمی میں دنیا کے چاکلیٹ کی ضرورت پوری کرنے کیلئے کوکوا چنتے ہیں. یا پھر ان کنوؤں میں اترتے ہیں.

یہ کنویں اس لئے آباد ہیں کہ ان کے ساتھ امیدیں اور خواب جوڑ بنا لیتے ہیں. کسی دن کوئی ایک بڑا سونے کا ڈلا اگر مل گیا تو وارے نیارے ہو جائیں گے. ان ہی خوابوں کی تعبیر کیلئے مزدور کسی بھی وقت زندہ دفن ہونے کیلئے ان میں اتر جاتے ہیں. آئیوری کوسٹ کے کنویں میں اترنے والوں کی وجہ پھر سمجھ آجاتی ہے.

لیکن مایوسی کے کنویں میں اترنے والے کی سمجھ نہیں آتی. آئیوری کوسٹ کے مزدور تو ایک ٹیم بنا کر یہ کام کرتے ہیں اور مایوسی کے کنویں میں اترنے والا تنہا ہوتا ہے. ایک کے پاس سونے کے کسی بڑے ڈلے کی اُمید اور خوبصورت زندگی کے خواب ہوتے ہیں. جبکہ دوسرا اپنی امید اور خواب باہر چھوڑ کر اندر اتر جاتا ہے.

یہ مایوس موت کی منتظر قبریں پھر سمجھ نہیں آتیں. اپنی مایوسیوں کو کلمہ پڑھا لیں. کیونکہ مسلمان مایوس نہیں ہوتا.

Leave a reply