لاہور: یوزوزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ عمران خان ہمارے لیڈر ہیں، ان کی ہر آواز پر لبیک کہیں گے، پی ٹی آئی کے ساتھ اتحاد پہلے سے بھی زیادہ مضبوط ہے۔اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ چودھری پرویزالہٰی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 7واں اجلاس ہوا جس میں 21 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا، اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی،چیف سیکرٹری اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
کابینہ کے اجلاس کے موقع پر چودھری پرویز الہٰی نے کہا کہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق میں دراڑیں ڈالنے کی ہر کوشش ہمیشہ کی طرح ناکام ہوگی، کوئی بھی سازش ہمیں عوام کی خدمت سے نہیں روک سکتی، سازشی عناصر کو منہ کی کھانا پڑے گی۔
اس سے پہلے سینیئرصحافی مبشرلقمان سے بات کرتے ہوئےسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے کہا تھا کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے بعد ہی اسمبلی تحلیل ہوگی۔
سپیکر سبطین خان نے مزید کہا کہ یہ جو گنجل ڈلے ہیں ان کو نکالنا ہے، ابھی تحریک عدم اعتماد پیش ہوئی، ابھی نوٹس ہونے ہیں، معاملہ جنوری کے پہلے ہفتے تک جائے گا، تحریک عدم اعتماد آچکی ہے، کل اسمبلی نہیں ٹوٹ سکتی، گورنرصاحب چاہتے ہیں ہم عوام کے پاس نہ جائیں، ہمارے چیئرمین چاہتے ہیں کہ ہم عوام کے پاس جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیشن چل رہا ہو یا نہ چل رہا ہو، گورنرسپیشل سیشن بلاسکتے ہیں، ڈی نوٹی فائیڈ نہیں کرسکتے، اگر وہ ڈی نوٹی فائیڈ کی طرف جاتے تو ہم صدر مملکت کو لیٹر لکھتے، فی الحال صدر مملکت والا لیٹر روک لیا ہے، آج پھر گورنر صاحب کو لیٹر بھیج رہا ہوں، میں نے آئین و قانون کی پاسداری کرنی ہے، گورنرصاحب کو کہوں گا ان لیگل آرڈر پاس نہ کریں۔
سپیکر نے کہا کہ گورنر ایک آئینی ادارے کی نمائندگی اور میں بھی کر رہا ہوں، اس طرح کلیش نہیں کرنا چاہیے، وزیراعلیٰ آفس سیل اور کینٹینر لگانے والی بچوں والی باتیں نہ کریں، سپیکرکی ہدایت پربلایا گیا سیشن اس وقت چل رہا ہے، مسلم لیگ (ق) کے دس اراکین نے پرویز الہیٰ پراعتماد کا اظہارکیا، پرویز الہیٰ پر الزامات کا تعلق گورنر سے نہیں ہے۔








