کوئٹہ:کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔ موٹر وے پر مختلف مقامات سے برف ہٹانے کا کام جاری ہے۔شمالی بلوچستان میں بارش اور برفباری کا سبب بننے والا سسٹم داخل ہوگیا، کوئٹہ، چمن، زیارت، مسلم باغ، کان مہتر زئی، قلعہ عبداللہ، کوژک ٹاپ اور خانوزئی سمیت دیگر علاقوں میں بارش اور برفباری ہوئی۔
شمالی بلوچستان کے بالائی علاقوں میں شدید برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔ محکمہ پی ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کردیا، بالائی علاقوں میں شاہراؤں کی بحالی کیلئے ہیوی مشینری اور عملہ پہنچا دیا گیا۔حکام کے مطابق متعلقہ ادارے قومی شاہراؤں سے برف ہٹانے میں مصروف ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کوئٹہ سمیت شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 اور قلات میں منفی 5 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز میں بلوچستان کے بالائی علاقوں میں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔
دوسری طرف کوئٹہ سمیت صوبے کے سرد علاقوں میں گیس پریشر انتہائی کم ہے، جس کے باعث گھریلو اور کمرشل صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بھی کئی کئی گھنٹے بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی جاری ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق کان مہترزئی اور قلات مستونگ شاہراہ پر ہیوی مشینری کے ذریعے برف ہٹائی جارہی ہے جبکہ کوئٹہ ژوب اور چمن ہائی وے پر موٹروے پولیس نے خصوصی انتظامات کئے ہیں۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ کان مہترزئی کے مقام پر ممکنہ پھسلن سے بچنے کیلئے نمک کا چھڑکاؤ کیا جارہا ہے، شہریوں سے گزارش ہے کہ غیر ضروری سفر نہ کریں، ایمرجنسی کی صورت میں 130 کے ذریعے مدد لی جا سکتی ہے۔








