راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکورٹی فورسز نے میر علی میں آپریشن کیا اور دوران آپریشن دہشت گروں اور سیکورٹی فورسز میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ سے ایک دہشت گرد کمانڈر ہلاک ہوگیا جبکہ بھاری اسلحہ گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد سیکورٹی فورسز اور شہریوں پر دہشت گرد حملوں میں ملوث تھا۔
ادھرڈیرہ غازی خان میں سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں میں فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد مارے گئے جبکہ دو فرار ہوگئے۔ترجمان کاؤنٹر ٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ڈیرہ غازی خان کے علاقے موزہ جھنگی میں سی ٹی ڈی اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں دو دہشت گرد ہلاک اور دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گرد پولیس چیک پوسٹ پر حملہ کرنا چاہتے تھے، پولیس نے موقع پر پہنچ کر دہشت گردوں کو پکڑنے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے جوابی فائرنگ شروع کردی۔
ہلاک دہشت گردوں کی شناخت روہید خان اور حنیف اللہ کے ناموں سے ہوئی ہے جن کا تعلق خیبر پختنوا سے ہے، دہشت گرد خیبرپختونخوا سمیت لاہور، اسلام آباد اور روالپنڈی میں دہشت گردی کی کارروائیاں کر چکے ہیں۔
ملزمان کے قبضے سے ایک کلاشنکوف، 2 ہینڈ گرنیڈ، گولیاں، باوردی مواد برآمد کر لیا گیا۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے، فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے، دہشت گردوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔