ڈیرہ اسماعیل خان،باغی ٹی وی(احمد نوازمغل)تھانہ اینٹی کرپشن سرکل ڈیرہ اسماعیل خان کی بڑی کامیابی پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس جناب قیصررشید کی سربراہی میں پشاورہائیکورٹ کے ڈویژنل بنچ نے حاجی رمضان خان استرانہ کی رٹ پٹیشن نمبرD-13سال 2022و 12-CMسال 2023 خارج کرتے ہوے اینٹی کرپشن کو اپنی تحقیقات مکمل کرنے کاحکم دے دیاہے۔ واضح رہے کہ مقامی اخبار کے چیف ایڈیٹر محمداصغر چوہدری نے ٹی ایم اے کی نیلامی میں دکانات حاصل کرنے والے حاجی محمدرمضان استرانہ پر بقایاجات34لاکھ روپے کی وصولی کیلئے کارروائی کی درخواست کی تھی جبکہ حاجی رمضان استرانہ کا موقف تھاکہ ٹی او ایف حنیف چوغطہ،ٹی او ر عامر شیخ اور تحصیل نائب ناظم ماما ریحان نے اس سے نقد رقم وصول کرلی مگر خزانے میں جمع نہیں کی۔ ادھر تینوں افسران نے رقم وصولی سے انکار کیاہے۔ اینٹی کرپشن کی کارروائی کے خلاف حاجی محمدرمضان استرانہ نے پشاور ہائیکورٹ بنچ ڈیرہ اسماعیل خان سے رجوع کیاتھا جس کی سماعت چیف جسٹس جناب قیصررشید کی سربراہی میں ڈویژنل بنچ نے کی اور قرار دیاکہ کرپشن کی تحقیقات روکنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ اینٹی کرپشن اپنی کارروائی مکمل کرے لہذا رٹ پٹیشن خارج کی جاتی ہے۔ فیصلے کی کاپی ایڈیشنل رجسٹرار پشاور ہائیکورٹ سے اینٹی کرپشن تھانے کوارسال کردی ہے۔ ادھر درخواست گذار محمداصغر چوہدری نے سرکل آفیسر اینٹی کرپشن منہاج سکندر بلوچ سے ملاقات کی اور انکوائری کو جلد از جلد منطقی انجام تک پہنچانے کی استدعاکی تاکہ مالی بحران کی شکار ٹی ایم اے ڈیرہ اسماعیل خان کو کچھ مالی ریلیف مل سکے۔ منہاج سکندر بلوچ نے اس ضمن میں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہاکہ وہ اس انکوائری کو جلد میرٹ پر مکمل کرلیں گے۔ انہوں نے مزید بتایاکہ مختلف محکموں کے افسران ،اہلکاران اور سویلین سے مختلف مدات میں تیس لاکھ روپے کی ریکوری کرکے قومی خزانے میں جمع کرادی گی ہے ۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے عوامی وسماجی حلقوں نے شاندار کارکردگی پر منہاج سکندربلوچ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوے ڈائریکٹراینٹی کرپشن محمدعارف خان یوسفزئی کاشکریہ اداکیاہے اور خصوصی سرٹیفکیٹ و انعام دینے کا مطالبہ کیاہے۔

Shares: