پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ جتنی گرفتاریاں کرنی ہیں کر لیں، چٹان کی طرح کھڑے رہیں گے۔نوشہرہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک کا کہنا تھا پی ڈی ایم انتقامی کارروائی کر کے اپنے لیے مزید مسائل پیدا کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کےبعد شیخ رشید کی گرفتاری سمجھ سے بالاتر ہے۔

دوسری جانب فواد چوہدری بھی حکومت پر برس پڑے، جہلم میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ من گھڑت مقدمات کے ذریعے پی ٹی آئی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا چیئرمین پی ٹی آئی کے جیل بھرو تحریک کے اعلان پر ہر وقت حاضر ہیں، ملکی حالات کا واحد حل عام انتخابات ہیں۔

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ رجیم چینج کے بعد دو ماہ سے جو حالات ہیں وہ کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں، پاکستان کے معاشی و سیاسی ڈھانچے کو تباہ کر دیا گیا ہے، سازش کے بعد عمران خان کے ساتھیوں کے اوپر تشدد کیا گیا، گرفتاریوں کے بعد برہنہ کیا گیا اور ظلم کا نشانہ بنایا گیا۔

فرخ حبیب نے مزید کہا کہ امپورٹڈ حکومت نے ظلم کی مثال قائم کی ہے، صحافیوں پر بھی تشدد کیا گیا، عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا، بغیر نمبر پلیٹ ویگو روکنے پر مجھ پر ڈکیتی کا مقدمہ کر دیا گیا، ہمارے قائد نے جیل بھرو تحریک کا اعلان کیا ہے، جب بھی کال دیں گے تو ملک کی جیلیں بھر دیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا جیل بھرو تحریک پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شروع کریں گے، پہلے ہم گرفتاری دیں گے، پھر عوام جیلیں بھرے گی انتہائی قدم کے طور پر جیلیں بھر دیں گے، آئی ایم ایف کے ساتھ جو ڈیل کرنے جا رہے ہیں یہ عام آدمی کے ڈیتھ وارنٹ جاری کرنے جا رہے ہیں۔

Shares: