سوات: بالائی علاقوں میں شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں سے سیر و تفریح کے لیے آئے سیاح پھنس گئے۔بتایا گیا ہے کہ شدید برفباری کے باعث کالام بحرین روڈ پر مختلف مقامات سے راستے بند ہونے کے باعث سیاحوں کو مشکلات کا سامنا ہے، سیاحوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ مظفرآباد آزاد کشمیر میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے، وادی لیپا، نیلم ویلی سمیت متعدد بالائی علاقوں میں برفباری سے سردی بڑھ گئی، وادی لیپا ، گریس ویلی ، فاروڈ کہوٹہ حویلی کی شاہراہیں بند ہو گئیں۔

بالائی علاقوں میں نظام زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا، سیاحتی مقامات پیر چناسی ، سراں اور ملحقہ علاقوں میں بھی برفباری سے سردی میں اضافہ ہو گیا ہے۔

ادھرموسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کا کہنا ہے کہ کراچی میں جنوب مغرب سے سمندری ہوائیں چل رہی ہیں، جمعے تک کراچی میں سمندری ہوائیں بحال رہیں گی۔موسمیاتی تجزیہ کار نے کہا کہ ہوا میں نمی کا تناسب زیادہ ہونے سے خشک موسم میں کمی آئی، فضائی معیار بھی بہتر ہوا ہے۔

موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن نے مزید کہا کہ کراچی میں ہفتے سے شمال مشرق سے خشک اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، ہواؤں کی تبدیلی سے ہفتے کے بعد 4 سے 6 دن کے دوران موسم خشک رہےگا۔ دن اور رات کے درجہ حرارت میں 2 سے 4 ڈگری کمی آجائےگی۔جواد میمن کے مطابق خشک اور گرد آلود ہواؤں کے باعث فضائی معیار آلودہ رہنےکا خدشہ ہے

Shares: