ملتان: پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب جس میں معروف گلوکاروں نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ آپ کو پتہ ہونا چاہیئے یہ پی ایس ایل کا سفر کہاں سے شروع ہوا،آج ملتان میں افتتاحی تقریب ہو رہی ہے۔ یہ دبئی میں سفر شروع ہوا تھا، پھر لاہور، پھر کراچی اور پھر ملتان۔ انشاء اللہ اگلے سال پشاور اور کوئٹہ جائیں گے۔
تقریب میں موسیقار و گلوکار ساحرعلی بگا، آئمہ بیگ، عاصم اظہر اور شائے گل نے اپنی آوازوں کا جادو جاگایا۔تقریب میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
خیال رہے کہ 9 فروری 2023 کو پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کی خوبصورت ٹرافی کی رونمائی لاہور کے تاریخی شالیمار گارڈن میں کی گئی تھی۔
پی ایس ایل کی24 قیراط سونے سے بنی اس ٹرافی کو’سپو نووا ٹرافی’ کا نام دیا گیا ہے جس کے تین ستون قومی ٹیم کے مقصد اتحاد، جذبے اور طاقت کی عکاسی کرتی ہیں اور ان ستونوں پر تقریباً 10ہزار زرقون کے پتھر جڑے گئے ہیں۔
ان تین ستونوں کو ملا کر چاند کی شکل بنائی ہے جبکہ ٹرافی کے مرکزی ستون پر لاتعداد کرسٹل نصب کیے گئے ہیں اور اس کے اوپر ایک بڑا ستارہ آویزاں ہے