لاہور:عمران خان کو گرفتاری سے بچانے کیلئے کارکنان کو ہائی الرٹ کردیا گیا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان کی ایک حفاظتی ضمانت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد ان کی ممکنہ گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر قیادت نے تین راتوں کے لیے تمام پارٹی کارکنان کو ہائی الرٹ کر دیا۔ قریبی اضلاع اور لاہور کے ٹاؤنز سے تمام کارکنان کی ڈیوٹیز لگا دی گئی ہیںپی ٹی آئی قیادت نے ہدایت کی ہے کہ کارکنان تین راتوں کیلئے ہائی الرٹ پر رہیں۔ ورکرز مختلف شفٹوں میں زمان پارک کی حفاظت کریں گے۔

یاد رہے کہ دوسری طرف ہائی کورٹ نے حفاظتی ضمانت کی دوسری درخواست پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو پیر کے روز طلب کرلیا اور آئی جی پنجاب کو سیکیورٹی معاملات فائنل کرنے کی ہدایت کردی۔عمران خان کی حفاظتی ضمانت پر جسٹس طارق سلیم شیخ کی عدالت میں دوبارہ سماعت ہوئی، عمران خان مقررہ وقت تک کمرہ عدالت میں پیش نہ ہوسکے جبکہ درخواست گزار کی جانب سے خواجہ طارق رحیم بطور وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔

خواجہ طارق رحیم نے کہا کہ عمران خان عدالتوں کی عزت کرتے ہیں، عدالت عمران خان کی سیکیورٹی کا بندوبست کرے تو وہ کل پیش ہو جائیں گے، عمران خان کے دستخط کے معاملے پر جو قصوروار ہو عدالت اس وکیل کو سزا دے سکتی ہے۔خواجہ طارق رحیم نے کہا کہ سیکیورٹی اور حالات دیکھ کے عمران خان کی پیشی کا فیصلہ کرنا ہے ہم ہائیکورٹ کی سیکیورٹی کے ساتھ بیٹھ کے فائنل کر لیتے ہیں۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے عمران خان کے وکیل سے استفسار کیا کہ ’آپ کب عمران خان کو پیش کر کر سکتے ہیں، ہم آپ کی آئی جی سے ملاقات کرا دیتے ہیں اور کیس کو پیر کے لیے رکھ لیتے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے آئی جی پنجاب کو عمران خان کی لیگل ٹیم کے ساتھ بیٹھ کر سیکیورٹی معاملات فائنل کرنے کی ہدایت کر دی۔لاہور ہائیکورٹ نے پیر کے روز دوپہر دو بجے عمران خان کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

Shares: