سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، خود کش بمبار ہلاک

0
63
afghan terrorist

چمن:سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کے دوران اہم دہشت گرد کو ہلاک کردیا۔ ہلاک ہونے والا دہشت گرد خود کش جیکٹ پھٹنےسے مرا۔ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جنوبی وزیرستان کے علاقے اسپنکی میں خفیہ اطلاع پر جمعرات 16 فروری کو آپریشن کیا گیا۔

آپریشن کے دوران خود کش بمبار نیک رحمان محسود عرف نیکرو ہلاک ہوگیا۔ خود کش بمبار فائرنگ کے تبادلے میں خودکش جیکٹ پھٹنے سے ہلاک ہوا۔ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ہلاک دہشت گرد لوگر ( افغانستان ) سے پاکستان آ یا تھا۔ ہلاک مذکورہ دہشت گرد کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی ) کے جنگجوؤں عظمت اللّٰہ اور خیربان کا قریبی ساتھی تھا۔دہشت گرد ماضی میں سیکیورٹی اداروں پر کیے گئے متعدد حملوں میں بھی ملوث رہا تھا۔

ادھررات کوپنجاب کے ضلع میانوالی کے علاقے کالا باغ میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ ( سی ٹی ڈی ) کی ٹیم پر دہشت گردوں کا حملہ، جوابی فائرنگ میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی ) کا اہم کمانڈر ہلاک ہو گیا۔سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق کالاباغ میں دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی میانوالی کی ٹیم پرحملہ کیا، جس پر اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی اور بیس منٹ تک دونوں طرف سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

ترجمان نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا جس کی شناخت حبیب الرحمان کے نام سے ہوئی ہے جو کالعدم تنظیم ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر ہے جبکہ اُس کے دو ساتھی فرار ہوگئے، دہشت گردوں کے قبضے سے کلاشنکوف، خودکش جیکٹ اورٹی ٹی پی کے سٹیکرز برآمد ہوئے ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ دہشت گردی کے واقعہ کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی سرگودھا میں درج کر لیا گیا ہے جبکہ فرار ہونے والے دو دہشت گردوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیاتھا۔

Leave a reply