مردم شماری کسی بھی ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ غضنفر علی قادری

ٹھٹھہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار راجہ قریشی)مردم شماری ایک قومی فریضہ ہے جوکہ کسی بھی ملک کی پائیدار ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے انتہائی ضروری ہے۔ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ مردم شماری کا عمل پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ غضنفر علی قادری
تفصیل کے مطابق ڈپٹی کمشنر ٹھٹہ غضنفر علی قادری کی زیر صدارت ان کے دفتر میں یکم مارچ سے شروع ہونے والی ڈجیٹل خانہ اور مردم شماری کے انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ریاض حسین لغاری ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو شاہد نظیر لنڈ بلوچ، اسسٹنٹ کمشنرز، مختیارکارز کے علاوہ تعلیم اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلہ افسران کو ہدایت کی کہ مردم شماری کیلئے انیومریٹرز (شمار کنندگان) کو ڈجیٹل مردم شماری کیلئے ٹیبلیٹس کی فراہمی، سیکیورٹی اور دیگر تمام انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی اس سلسلے میں تحصیل سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں اور مردم شماری کے متعلق اجلاسز منعقد کرنے سمیت تمام تمام ضروری انتظامات مکمل کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اگر انومریٹرس کی ٹریننگ میں کوئی کمی پیشی رہ گئی ہو تو دوبارہ ٹریننگ کرائی جائے تاکہ مردم شماری کے عمل کو درست طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو ڈجیٹل مردم شماری مراحل کے تمام صورتحال کی نگرانی کریں گے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مردم شماری ایک قومی فریضہ ہے جوکہ کسی بھی ملک کی پائیدار ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے انتہائی ضروری ہے کیونکہ اس کی بنیاد پر درست منصوبہ سازی ممکن ہو پاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے ڈیٹا جمع کیا جائے گا، کمپیوٹرائزڈ طریقے سے کوائف جمع کرنے سے غلطی کا امکان نہ ہونے کے برابر رہ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ مردم شماری کا عمل صاف و شفاف طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔

Leave a reply