اسلام آباد: کامسیٹس یونیورسٹی میں غیر اخلاقی سوال کا معاملہ،وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی امین الحق نے نوٹس لے لیا-
باغی ٹی وی :کامسیٹس یونیورسٹی میں انگریزی کے پرچہ میں دو بہن بھائیوں میں غیر فطری تعلق کا سوال پوچھا گیا جس پر وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی امین الحق نے نوٹس لیتے ہوئے یونیورسٹی سربراہ کو سخت کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے تحقیقاتی رپورٹ ایک ہفتے میں طلب کرلی ہے-
امین الحق کا کہنا ہے کہ یہ پرچہ گزشتہ سال 4 دسمبرکولیا گیا تھا جس میں شامل سوال انتہائی غیراخلاقی اورنصابی قانون کےبرخلاف ہے۔
انکوائری میں وزیٹنگ لیکچرارخیر البشر کو پرچے میں سوال شامل کرنے کا ذمہ دار قرار ٹھہراتے ہوئے نوکری سے فارغ کردیا گیافیکلٹی ممبر نے وہ سوال گوگل سے ’چوری‘ کیا تھا۔
ریکٹر نے پرچے کے اگلے ہی روز اجلاس طلب کرکے فیکلٹی ممبرسے اس طرح کا متنازع سوال پوچھنے کی وضاحت طلب کی تھی جس پر لیکچرارنے اپنی غلطی تسلیم کی اور یونیورسٹی نے انہیں برطرف کردیا۔
کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس کے پروگرام BEE کے پہلے سمسٹر کے امتحان میں پوچھا گیا نامناسب سوال انگلش کمپوزیشن کے پیپر میں طلبہ سے پوچھا گیا،نامناسب سوال پر طلبہ کو 300 الفاظ پر مشتمل چار پیراگراف لکھنے کا کہا گیا-
اس امتحان کے بعد فیکلٹی ممبر کو 5 جنوری کو برطرف کردیا گیا تھا۔ وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے 19 جنوری کو معاملے کا نوٹس لیا جس کے بعد یونیورسٹی کی جانب 2 فروری کو جواب جمع کروادیا گیا تھا۔