کورنگی میں پولیس مقابلہ دو ڈاکو ہلاک، ہیڈ کانسٹیبل شہید

کراچی(باغی ٹی وی)کورنگی انڈسٹریل ایریا میں پولیس سےمقابلے کے دوران 2 ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ہیڈ کانسٹبل جاں بحق ہوگیا، زمان ٹاؤن اورخواجہ اجمیر نگری پولیس نے مقابلوں میں 4 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر کے اسلحہ اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔
کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے ناصر جمپ ابراہیم مسجد کے قریب پولیس نے موٹرسائیکل پر سوار دومشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا جس پر ملزمان نے رکنے کے بجائے پولیس پر فائرنگ شروع کردی اور فرار ہونے لگے فائرنگ کے نتیجے میں پولیس ہیڈکانسٹیبل ظہیرحسین شدیدزخمی ہوگیا ،
پولیس نے تعاقب کے بعدجوابی فائرنگ جس کے نتیجے میں دونوں ملزمان موقع پر ہی مارے گئے ،
زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا،
مقتول ہیڈ کانسٹبل کورنگی کا رہائشی اور4 بچوں کاباپ تھا اور اس کے والد بھی محکمہ پولیس میں ملازمت کرتے تھے،ہیڈکانسٹیبل ظہیر کورنگی انڈسٹریل ایریا تھانے کی پولیس چوکی کا انچارج تھا، پولیس نے ہلاک ہونے والے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ موٹرسائیکل برآمد کرکے لاشوں کو جناح اسپتال پہنچایا ،جہاں ہلاک ملزمان کی فوری شناخت نہیں ہوسکی ۔ دونوں کی عمریں 38سے 40سال کے درمیان ہیں
پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان ڈکیت ہیں ،جاں بحق ہونے والے ہیڈکانسٹیبل کی نماز جنازہ پولیس ہیڈکوارٹر گارڈن ساؤتھ میں ادا کردی گئی ،اس موقع پر پو لیس کے خصوصی دستے نے شہید سلام پیش کیا اور پھولوں کی چادر چڑھائی،نماز جنازہ میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن سمیت ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آپریشن،ڈی آئی جی سیکیورٹی، زونل ڈی آئی جیز و ضلعی ایس ایس پی کراچی کے علاوہ دیگر سینئر پولیس افسران اور شہید کے ورثاء، رشتداران،اہلیان علاقہ اور دوست احباب نے شرکت کی،جرائم کے خلاف شہید ہیڈکانسٹیبل کی جرأت و بہادری کو سراہتے ہوئے آئی جی سندھ نے خراج عقیدت پیش کیا اور جنازے میں شریک شہید کے ورثاء سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ پولیس کی جانب سے انھیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی،آئی جی سندھ نے شہید کے ورثاء کے لئے محکمہ پولیس کی جانب سے مرو جہ مراعات کی بابت متعلقہ سینئر پولیس افسران کو جلد سے جلد ضروری قانونی دستاویزی امور و اقدامات کو مکمل کرنے کے احکامات دئیے
۔زمان ٹاؤن پولیس نے کوسٹ گارڈ چورنگی کے قریب مقابلے کے بعد 3 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا،ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت22 سالہ حسان خان ولد اکرم خان ، 25 سالہ شہزاد احمد ولد سعید گل اور 28 سالہ بابرحسین ولد فدا حسین کے نام سے کی گئی، گرفتار ملزمان سے 3 پستول ، نقدی ، ایک موٹرسائیکل اور 6 موبائل فون برآمد کیے گئے۔خواجہ اجمیر نگری پولیس نارتھ کراچی سیکٹر2میں مقابلے کے بعد ملزم شہبازکو زخمی حالت میں گرفتار کرکے پستول بمعہ ایمونیشن ، موبائل فون ، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کرلی

Leave a reply