ڈیرہ اسماعیل خان (احمد نواز مغل کی رپورٹ )بے اولاد جوڑا نومولود بچی کے اغواء میں ملوث پایا گیا، بچی بازیاب، ایس ڈی پی او اقبال بلوچ نے بچی والد کے حوالے کر دی۔ موضع ہمت کے رہائشی میاں بیوی گرفتار ۔
تفصیل کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان ڈسٹرکٹ زنانہ ہسپتال سے اغواء کی جانے والی نومولود بچی بازیاب کرالی گئی ہے، بچی کو بے اولاد خاتون نے اپنے شوہر کی مدد سے اغواء کیا تھا ،پولیس نے ہسپتال کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اغواء کار میاں بیوی کو تلاش کیا۔ کینٹ تھانے میں بچی والد کے حوالے کر دی گئی ۔
تھانہ کینٹ میں ایس ڈی پی او اقبال بلوچ نے پریس کانفرنس میں میڈیا کو بتایا کہ گزشتہ رات ڈسٹرکٹ زنانہ ہسپتال سے نومولود بچی کو نامعلوم عورت نے اغواء کیا تھا۔ ، پولیس نے ہسپتال کے باہر لگے کیمروں کی مدد سے اغواء کار کا سراغ لگایا ۔ بچی کے اغواء میں نو سال سے بے اولاد میاں بیوی ملوث پائے گئے جنہیں موضع علاقہ ہمت سے گرفتار کرلیا گیا ہے اور بچی کو والد عالم نور کے حوالے کر دیا گیاہے –
یاد رہے کہ مدینہ کالونی کے رہائشی عالم نور وزیر نے کینٹ پولیس کو اطلاع دی کہ اس کی بیوی نے گھر میں بچی کو جنم دیا اور بیوی کی طبیعت بگڑنے پر وہ دونوں کو زنانہ ہسپتال لے آیا۔ ہسپتال کے عملے نے اس کی بیوی اور نومولود کو لیبر روم میں ایڈمٹ کیا۔ اسی دوران عبایا پہنے نامعلوم خاتون نے نومولود کو اس وقت اغوا کر لیا جب اس کی بیوی نماز پڑھ رہی تھی۔ تھانہ کینٹ نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
ہسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر فرخ جمیل نے واقعہ کو نومولود کے اہل خانہ کی لاپرواہی کا نتیجہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ واقعے کے وقت ماں اور نومولود کے علاوہ خاندان کا کوئی فرد موجود نہیں تھا۔
مشتبہ خاتون اپنے مرد ساتھی کے ساتھ موٹر سائیکل پر آئی اور لیبر روم میں گئی جہاں اس نے نومولود کی ماں سے بات چیت شروع کردی۔ کچھ دیر بعد ماں نے خود اپنے نومولود کو نماز کی ادائیگی کے لیے نامعلوم خاتون کے حوالے کر دیا۔
نامعلوم خاتون رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بچے کو لے کر موٹر سائیکل پر پارکنگ ایریا میں انتظار کر رہے مرد ساتھی کے ہمراہ موقع سے فرار ہو گئی۔

Shares: