گومل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کا اضافی چارج دے دیاگیا

ڈیرہ اسماعیل خان ( نامہ نگار) محکمہ ہائیر ایجوکیشن خیبر پختونخواہ پشاور نے گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کو زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کا اضافی چارج سونپ دیا۔پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے زرعی یونیورسٹی کا ایڈیشنل چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر زرعی یونیورسٹی کے تمام سٹاف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ نے سٹاف سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط زرعی یونیورسٹی اور گومل یونیورسٹی دونوں علاقے کی بہتری اور ترقی کے لیے بہت ضروری ہیں۔ ہمیں مل کر زرعی یونیورسٹی کی ترقی کے لیے اقدامات کرنے ہونگے۔انہوں نے کہا کہ سابقہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مسرور الہٰی بابر کی زیر قیادت زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان نے بہت کم وقت میں اپنا مقام بنایا ہے اور ہمیں اسی سلسلے کو آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرے دروازے تمام سٹاف اور طلباء کے لیے کھلے ہیں۔ میری بھرپور کوشش ہوگی کہ سٹاف اور طباء کے مسائل کا حل یقینی بنایا جائے اور تمام سٹاف اپنا کام پہلے کی طرح جاری رکھے۔ہمیں ایک ٹیم بن کر ادارے کی ترقی کے لیے اپنی کاوشوں کو بروے کار لانا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے اپنے علاقے کی خدمت کا ایک اور موقع فراہم کیا ہے۔ اس موقع پر زرعی یونیورسٹی کی طرف سے رجسٹرار فخرالدین اور ایڈیشنل رجسٹرار عبدالباسط خان نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کو ادارے کی بھاگ دوڑ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ادارہ پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کی زیر قیادت ترقی کی طرف گامزن ہوگا۔ زرعی یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے سٹاف نے پروفیسر ڈاکٹر شکیب اللہ کی بطور وائس چانسلر تعیناتی کو ادارے اور علاقے کے لیے حکومت خیبرپختونخواہ کا ایک احسن اقدام قرار دیا۔

Leave a reply