راولپنڈی :ڈاکوؤں نے فیس بک پر گاڑی کا اشتہاردیکرشہری کولوٹ لیا، چوری،ڈکیتی کے کئی واقعات
باغی ٹی وی ،راولپنڈی میںتھانہ روات کے علاقے میں فیس بک پر مشتہر گاڑی کے خریدار شہری سے لاکھوں روپے زبردستی ہتھیا لیے گئے۔راہزنی،نقب زنی،کار چوری سمیت لاکھوں روپے مالیت کی گندم چوری کے واقعات بھی رپورٹ، مقدمات درج۔
ذرائع کے مطابق روات پولیس کو بھمبر سے تعلق رکھنے والے شہری توفیق حیدر نے مقدمہ درج کروایا کہ فیسبک پر مشتہر گاڑی پسند کی۔ اشتہار لگانے والے دلاور خان نامی شخص نے راولپنڈی بلایا۔ والد ہمراہ گیگا مال پہنچے۔ جہاں دلاور خان اور دو نامعلوم شخص موجود تھے۔گاڑی چیک کرنے اور پسند آنے پر 24 لاکھ روپے میں سودا ہوا۔ دلاور خان نے کہا کہ گاڑی کے کاغذات آفس بحریہ ٹاؤن فیز 08 میں موجود ہیں۔ہم اسی گاڑی میں بیٹھ کر فیز 08 پہنچے تو پیچھے بیٹھے شخص نے یکدم میرے ہاتھ میں پکڑے ہوئے بیگ سے 08 لاکھ روپے چھین لئے اور مجھے اور والد کو گاڑی سے دھکا دے کر باہر نکالتے ہوئے موقع سے فرار ہوگئے۔سعید الرحمٰن نے بتایا کہ اپنے دوست مجید کے ہمراہ پیدل واک کے لئے نیو پنڈی ٹاؤن جارہے تھے کہ پیچھے سے آنے والے مؤٹر سائیکل سوار 03 ملزمان نے لاتوں،مکوں سے تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے 04 قیمتی موبائل فونز سمیت 15 سو نقدی چھین لی اور ہوائی فائرنگ کرتے فرار ہوگئے۔ راجہ جہانزیب اکرم نے بتایا کہ عدم موجودگی میں نامعلوم چور گھر کی تلاشی لیتے ہوئے 03 لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات چوری کرکے لے گئے۔کامران مسعود نے بتایا کہ نامعلوم چور عدم موجودگی میں ڈی وی آر چوری کرکے فرار ہو گئے۔ادھر نامعلوم کار لفٹر بحریہ ٹاؤن فیز 08 سے خان روہاب سیلمان کی لاکھوں روپے مالیت کی کرولا کار جبکہ پنڈ سروبسالی سے ڈرائیور راجہ عنصر محمود کے گھر پاس کھڑی سوزوکی ڈالا گاڑی چوری کرکے فرار ہوگئے۔ دریں اثناء موضع سلیال بسالی کے علاقے سے نامعلوم چور 26 کنال رقبے سے کاٹی گئی گندم کی فصل چوری کرکے لے گئے۔متاثرہ شہری جنید خان کے مطابق مسروقہ گندم کی فصل کی مالیت کا تخمینہ تقریباً 05 لاکھ روپے تھا۔ روات پولیس نے تمام واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

Shares: