سرگودہا، باغی ٹی وی( نامہ نگارملک شاہ نواز جالپ)صوبائی وزیر اوقاف، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ وہاوسنگ بیرسٹر اظفر علی سید کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس کمشنر دفتر کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی، ڈی پی او فیصل کامران اور ایڈمنسٹریٹر اوقاف عبدالشکور سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جید علماءکرام نے شرکت کی ۔ ضلعی امن کمیٹی کے ممبران نے 9 مئی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث تمام افراد کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے ۔ علماءکرام کا کہنا تھا کہ ہمارے بزرگوں نے پاکستان بنایا تھا ہم اسے بچائیں گے ۔ انہوں نے پاک فوج سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار اور شہداءکو شاندار الفاظ مین خراج تحسین پیش کیا ۔ علماءکرام کا مزید کہناتھا کہ منبر ومحراب اتحاد بین المسلمین کے پیغام کو مزید موثر انداز میں اجاگر کیا جارہاہے ۔ تمام مکاتب فکر کے علماءکرام ایک پیج پر ہیں ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر اوقاف بیرسٹر سید اظفر علی سید کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے پر تشدد واقعات میں ملوث شرپسندوں کو گرفتار کر لیاگیا او راب ان کی باری ہے جنہوں نے یہ کام کروایا ۔انہوں نے کہاکہ اتحاد ویگانگت سے ملک کے خلاف سازشوں کو ناکام بنائیں گے ۔ ملک کا ہر طبقہ پہلے سے زیادہ متحد اور یکسو ہو کر ملک میں استحکام اور یگانگت کیلئے اپنا کردارپر جوش انداز میں ادا کر رہاہے ۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی او رڈی پی او فیصل کامران سمیت قاضی نگاہ مصطفی ،مولانا قاری وقار احمد عثمانی، ریاست علی فیروزی، محمد عمر فاروقی،عرفان اللہ ثنائی،مولانا طاہر محمود،مولانا عبداللہ سعید ہاشمی او رقاضی عبدالوحید سمیت دیگر نے بھی اظہار خیال کیا۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر کاکہنا تھا کہ بین المذاہب وقائمہ ہم آہنگی وقت کی اہم ضرورت ہے ۔ اولیاءکرام او ربزرگان دین کی تعلیمات پر عمل درآمد اشد ضروری ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ 9 مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث پانچ ہزار سے زائد افراد کوگرفتار کیاگیا ۔ انہوں نے کہاکہ بے گناہ افراد کو کچھ نہیں کہا جائیگاجبکہ فوجی تنصیبات پر حملوں میں ملوث ملزمان کے ملٹری ایکٹ کے تحت مقدمات فوجی عدالتوں میں چلا کر انہیں نشان عبرت بنایا جائیگا ۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندگان کے مختلف سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔

Shares: