کوئٹہ : بارکھاں 3 افراد قتل کا واقعہ ، ڈی ایس پی کو غفلت برتنے انسپکٹر بنادیا گیا

کوئٹہ،باغی ٹی وی( نامہ نگار زبیرآکاخیل) بارکھان واقعے پر ڈی ایس پی نور محمد بڑیچ کے خلاف غفلت برتنے پر محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے انسپکٹر کےعہدے پر تنزلی دے دی گئی۔
تحقیقاتی کمیٹی کے مطابق بارکھان متاثرین کی ویڈیو وائرل ہونے پر ڈی آئی جی پولیس لورالائی کی جانب سے نور بڑیچ کو کارروائی کی ہدایت کی گئی، تو نور محمد بڑیچ نے واقعے کو حقائق کے منافی قرار دے کر کوئی کارروائی نہ کی تھی۔
تحقیقاتی کمیٹی نے بتایا کہ ڈی ایس پی نور محمد بڑیچ نے واقعہ کی ایف آئی آر اور لاشوں کا پوسٹ مارٹم بھی نہیں کروایا۔حکم نامہ کے مطابق نور محمد بڑیچ کی جانب سے غفلت برتنے پر محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے جس کے بعد نور محمد بڑیچ کو ڈی ایس پی کے عہدے سے تنزلی دے کر انسپکٹر پولیس بحال کردیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ فروری میں ضلع بارکھان کے علاقے حاجی کوٹ کے ایک کنویں سے دو مردوں اور خاتون کی لاشیں برآمد ہوئیں، جنہیں سر میں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔ تینوں مقتولین کے ہاتھ پاؤں رسیوں سے بندھے ہوئے تھے، آنکھوں پر پٹی باندھی گئی تھی، جبکہ خاتون کا چہرہ مسخ کیا ہوا تھا۔
مقتولین کی شناخت خان محمد مری کے اہلِ خانہ کے طور پر ہوئی جن کا دعویٰ ہے کہ وہ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات سردار عبدالرحمان کھیتران کے سابق ملازم ہیں۔
خان محمد مری اور لواحقین کا الزام ہے کہ مقتولین 2019 سے سردارعبدالرحمان کھیتران کی نجی جیل میں قید تھے۔

Leave a reply