چارسدہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے پاکستان کو مسائلستان بنا دیا۔ پی ٹی آئی کے بعد پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کے طرزحکمرانی نے معیشت کا رہا سہا بیڑہ بھی غرق کردیا،کشکول مشن پوری آب و تاب سے جاری ہے۔ ذاتی مفادات کے لیے 14جماعتیں شیروشکر ہو گئیں، اب نورا کشتی کر کے عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ مرکزی حکومت نے خیبرپختونخوا اور ضم شدہ قبائل کے ساتھ کیے گئے وعدے فراموش کر دیے اور اپنی آئینی ذمہ داری نہیں نبھائی۔ اللہ کی مددو نصرت اور عوام کی تائید سے اقتدار میں آ کر جماعت اسلامی انصاف اور احتساب کے بے لاگ نظام، امن عامہ کے قیام اور سود فری معیشت کے تین نکاتی ایجنڈے کو فی الفور نافذ کرے گی۔
چارسدہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بجلی کی پیداوار میں بڑا حصہ ہونے کے باوجود خیبر پختوانخوا میں گھنٹوں لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، لوگ رات کو سوسکتے ہیں نہ دن میں سکون میسر ہے، نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی صوبہ خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم اور سیکرٹری جنرل کے پی عبدالواسع بھی موجود تھے۔
سراج الحق نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سالہا سال کی خراب حکمرانی نے مسائل کے انبار لگادیے ، وسائل سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا گیا، مرکز کی جانب فنڈز اور بقایا جات کی عدم ادائیگی کی وجہ سے صوبہ کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے دروازوں پر تالہ لگ چکا ہے،امن و امان کی صورت حال تباہ کن،کے پی کا نوجوان مایوس اور بے روزگاری کی آگ میں جل رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پورے ملک میں بدترین لوڈشیڈنگ نے وزیراعظم کے دعوے کا پول کھول دیا ۔سرکاری محلات میں مفت ایئرکنڈیشنز کے مزے لینے اور بڑی گاڑیوں اور پروٹوکول میں گھومنے والوں کو عوامی مسائل کا ادراک تک نہیں کر سکے،

Shares: