اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے امور الیکشن کمشنر کے حوالے کرنےکا نوٹیفکیشن اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا گیا۔
باغی ٹی وی : شہری عرفان منظور نے وزات بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے جاری کیا گیا 20 جون کا نوٹیفکیشن چیلنج کیا ہے درخو ا ست میں استدعا کی گئی ہے کہ پی سی بی کے معاملات الیکشن کمشنر کے حوالے کرنے کا نوٹیفکیشن غیر قانونی قرار دیا جائے اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
خیال رہےکہ وزات بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے جاری کیےگئے نوٹیفکیشن میں پی سی بی کی مینیجمنٹ کمیٹی کو مدت مکمل ہونے پر کام سے روک دیا گیا تھا اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے امور الیکشن کمشنر کے حوالےکردیئے گئے تھے جبکہ بلوچستان ہائیکورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) چیئرمین کیلئے الیکشنز روک دیئےہیں ،بلوچستان ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے فیصلہ جاری کیا جس کے بعد چیئرمین کا انتخاب ملتوی کر دیا گیا ہے۔
بلوچستان ہائیکورٹ نے پی سی بی چیئرمین کیلئے الیکشنز روک دیئے
بلوچستان ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نعیم اختر افغان اورجسٹس عامر نواز نے سماعت کی عدالت کا تاحکم ثانی الیکشن پر حکم امتناع جاری کردیا، ہائیکورٹ نےچیئرمین پی سی بی کےالیکشن 17 جولائی تک روکنے کا حکم دیا ہے،بلوچستان ہائیکورٹ نے وزیر اعظم، وزارت آئی پی سی، ذکا اشرف سمیت فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے۔
الیکشن کے انعقاد اور بورڈ آف گورنرز کی تشکیل کے خلاف پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سابق رکن گل محمد کاکڑ نے عدالت میں درخواست دائر کی اور اسے غیر قانونی اقدام قرار دیتے ہوئے انتخاب روکنے کی استدعا کی تھی کہ عدالتی فیصلے تک چیئرمین کے الیکشن کو ملتوی اور اور بورڈ آف گورنرز کو معطل کیا جائے۔