نیپرا نے 24 گھنٹوں کے اندر مہنگائی کے ستائے عوام پر دوسرا بجلی بم گرا دیا، ایک بار پھر بجلی 1.81 روپے فی یونٹ مہنگی کردی گئی۔
باغی ٹی وی: قیمتوں میں اضافے سے صارفین پر 24 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا، صارفین سے اگست کے بلوں میں وصولی کی جائے گی حکام کے مطابق بجلی صارفین کو اگست کے بلوں میں ادائیگیاں کرنا ہوں گی ۔
حکام کے مطابق بجلی کی قیمت میں نیا اضافہ جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔ جون میں پانی ، کوئلے سے کم سستی بجلی پیدا کی گئی چائنا پاور ساہیوال کول پاور پلانٹ کم چلائے گئے نیپرا کے مطابق درآمدی ایل این جی اور مہنگے فرنس آئل سے زیادہ بجلی پیدا کی گئی جون میں درآمدی ایل این جی سے 10.3 فیصد زیادہ بجلی پیدا کی گئی جون میں میرٹ آرڈر کیخلاف ورزی سے 95 کروڑ 70 لاکھ روپے کا اضافی بوجھ پڑا ۔
دوسری جانب نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں 2 روپے 31 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا ہے جس کے نتیجے میں صارفین پر 4 ارب 30 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
حکام کے مطابق کراچی کے بجلی صارفین کو اگست میں اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی ۔ یہ اضافہ جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے جب کہ کے الیکٹرک کے لائف لائن صارفین پر اس کا اطلاق نہیں ہوگا کے الیکٹرک نے اپنے وسائل سے 24روپے 90 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی وفاق سے ملنے والی بجلی کی لاگت 11روپے 56 پیسے فی یونٹ رہی ۔
واضح رہے کہ نیپرا نے ایک روز قبل ہی بجلی کی قیمت میں 7.50 روپے فی یونٹ تک اضافے کی حکومتی درخواست منظور کرتے ہوئے فیصلے کے لیے نوٹی فکیشن وفاقی حکومت کو بھجوادیا ہے۔ منظوری کے مطابق بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 3 روپے سے ساڑھے 7 روپے فی یونٹ تک اضافہ ہوگا۔
دوسری جانب گزشتہ 15 ماہ میں 500 ارب سے زائد کی بجلی چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں اس پراظہار تشویش کیاگیا۔ارکان نے کہا پورے سال بجلی چوری سے متعلق 55 ہزار شکایات ملیں،20 ہزارایف آئی آر درج ہوئیں تاہم کارروائی نہ ہونے کے برابر ہے اورصرف 528 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
چیئرمین نے کہا تھوڑی سی بھی بارش ہو تو بجلی بند ہوجاتی ہے،چوری کی وجہ سے گردشی قرض بڑھ رہا ہے۔حکام نے انکشاف کیا نقصانات پورا کرنے کیلئے بجلی مہنگی کی جاتی ہے۔
رکن کمیٹی محمد سجاد نے کہا تربیلا کے علاقے میں شدید لوڈشیڈنگ ہے، احتجاج کے باعث وہاں پیسکو ملازمین کو گاڑی میں بند کردیا گیا ۔وہاں 80 دیہات ہیں، انھیں بجلی نہیں دے سکتے تو باقی سب کو کیا دیں گے؟
کمیٹی نے توانائی ڈویژن کو ہدایت کی 132 کے وی/11 کے وی سوئچ یارڈ گڈو سے 11 کے وی بیراج فیڈر کی توانائی کا مسئلہ ہفتے میں حل کرے۔
دوسری جانب اوگرا نوٹیفیکیشن کے بغیر چوتھی بار ایل پی جی کی قیمت میں 10روپے فی کلو اضافہ کر دیا گیا چیئرمین عرفان کھوکھر کے مطابق ایل پی جی 230 روپے فی کلوسےبڑھ کر 240 روپےفی کلوہوگئی جس کے بعد گھریلو سلنڈر 2830 روپے اور کمرشل سلنڈر 10900 روپے ہوگیا،پہاڑی و دور دراز کے علاقوں میں ایل پی جی 370روپے فی کلو ہوگئی، گھریلو سلنڈر 4130 اور کمرشل سلنڈر 15890روپے ہوگیا جبکہ سرکاری قیمت 177روپے فی کلو اور گھریلو سلنڈر 2092 روپے مقرر ہے۔
چیئرمین عرفان کھوکھر نے کہا کہ گیس مافیا کا حکومت اور اوگرا کو کھلم کھلا چیلنج ہے، ملک بھر میں سرکاری قیمت پر ایل پی جی کی عدم فروخت ہے جبکہ گیس مافیا غریب عوام کو لوٹنے میں مصروف ہیں، حکومت و سرکاری ادارے بے بس نظر آتے ہیں 5 اور 6 اگست کو ہونے والی ہڑتال اٹل ہےخیبر سے کراچی تک گیس سپلائی بند کر دی جائےگی ایل پی جی دکاندارکا قلع قمع کرنےکےبجائے بلیک مارکیٹنگ کرنے والوں کا قلع قمع کیا جائے، عوام کو اس مہنگائی میں سرکاری قیمت پر ایل پی جی فراہم کی جائے سرکاری ادارہ ایس ایس جی سی بلیک مارکیٹنگ میں پہلے نمبر پر ہے، ملک میں وافر مقدار میں گیس دستیاب ہے اور ناجائز منافع خوری کے لیے مصنوعی قلت پیدا کی گئی۔