نوری آباد،باغی ٹی وی (نامہ نگار اللہ وسایا پالاری)اتحادِ تنظیماتِ اہلسنت و جماعت کوٹری کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی سربراہی امیر آرگنائزنگ کمیٹی مولانا حافظ قائم الدین لاکھو نے کی جبکہ اجلاس میں کوٹری کی نامور مذہبی شخصیت علامہ مولانا محمد حنیف حقانی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
اجلاس میں سوئیڈن اور ڈنمارک میں حالیہ ہونے والی قرآن پاک کی بے حرمتی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ سوئیڈن اور ڈنمارک کے سفیر کو ملک بدر کیا جائے ،

اجلاس میں بھان سعیدآباد میں مفتی خلیل احمد اشرفی کے جلسے میں پولیس گردی اور آئمہ مساجد کا گھیرا تنگ کرنے کے خلاف سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آئی جی سندھ سے مطالبہ کیا کہ اس معاملے کی شفاف تحقیقات کروا کر ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے

اجلاس میں متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ 4 آگست 2023 بمطابق 16 محرم الحرام 1445ھ بروز جمعہ کو شہری سطح پر یومِ عظمت قُرآن پاک منایا جائےگااور شہر کوٹری کی تمام مساجد کے خطیب حضرات عظمتِ قرآن کے عنوان پر خطاب فرمائیں گے۔اس کے ساتھ ساتھ بعد نماز جمعہ 03:00 بجے کوٹری عیدگاہ سے اللہ والے چوک تک عظیم الشان پُرامن احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا جائےگا جس میں علماء و مشائخ عظمتِ قرآن کے حوالے سے خطاب کریں گے

امیر آرگنائزنگ کمیٹی اتحادِ تنظیماتِ اہلسنت و جماعت کوٹری مولانا حافظ قائم الدین لاکھو نے اپنی صدارتی تقریر میں کہا کہ "دنیا میں کفار کلامِ الٰہی کی بار بار بے حرمتی کرکے لاکھوں مسلمانوں کی دل آزاری کا سبب بن رہے ہیں اس کی خاص وجہ صرف یہ ہے کہ مسلمان حکمران دین سے دور ہیں، مسلمان حاکم آپس میں متحد نہیں”تمام حاکمانِ اسلامی ریاست سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تمام اسلامی ممالک ریاستی طور پر متحد ہو کر اقوامِ متحدہ میں اسلامو فوبیا کے خلاف آواز اٹھائیں اور اس فعل کے خلاف کوئی سخت لائحہ عمل تیار کریں

اجلاس میں سرپرستِ اعلی و مہتم جامعہ اعظمیہ مجددیہ حلیم الاسلام مولانا محمد حنیف حقانی ثانوی، خلیفہ جماعت اصلاح المسلمین کوٹری مولانا مجاہد حسین طاہری چنہ، امیر تحریک صراط المستقیم ضلع حیدرآباد محمد جواد جلالی، رہنماءانجمنِ غلامانِ قاسمیہ جام شورو الطاف حسین قاسمی چنہ، فقیر عبدالہادی بروہی جماعت عتیقیہ، رہنماء الحسینی جماعت تعلقہ کوٹری علی حیدر حسینی سومرو، رہنماء جماعتِ قادریہ کوٹری فقیر قربان علی ڈاہری، صدر جامع مدینہ مسجد لیبر کالونی راؤ فلک شیر قادری، صدر جامع قادریہ مسجد بہارکالونی جاوید انصاری، خطیب و امام جامع مسجد درگاہ بابا صلاح الدین مفتی وقار احمد سانڈ، رہنماء جماعت اشرفیہ کوٹری فقیر حق نواز چانڈیو، صدر جامع مسجد نور کبریا کوٹری عبداللہ بروہی، مولوی غلام یاسین غفاری چانڈیو سمیت دیگر علماء مشائخ نے اجلاس سے خطاب کیا۔

Shares: