اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف شہر الشمس چوک میں ٹریفک کی ابتر صورتحال سے جہاں ایک طرف شہری پریشان ہیں وہیں دوسری طرف خواتین اور بچے اس صورتحال سے بری طرح متاثر ہو رہے ہیں، ہنگامی سروس مہیا کرنے والی گاڑیاں بھی ٹریفک جام میں پھنسی رہتی ہیں
تفصیلات کے مطابق اوچ شریف الشمس چوک ،غوث اعظم چوک، للو والی پل چوک ایسی جگہیں ہیں جہاں ٹریفک جام رہنا معمول ہے صرف یہی نہیں بلکہ یہاں تعینات ٹریفک پولیس اہلکاروں کا ٹریفک جام سے نظریں چرانا اور اپنی ڈیوٹی سے پہلو تہی کرنا اور بھتہ خوری کرنا بھی معمول بن چکا ہے

مرکزی شاہراہ پر جا بجا پارکنگ اسٹینڈز موٹر سائیکل اسٹینڈ بس اسٹینڈ وین اسٹینڈ بن چکے ہیں اور ٹریفک پولیس اہلکاروں کی طرف سے چھوٹ کی وجہ سے بسیں ویگنیں موٹر سائیکل جہاں سے جی چاہیں اٹھائیں سواریاں والی صورتحال بن چکی ہے مذکورہ بالا کسی ایک چوک میں ٹریفک پولیس اہلکار اپنی ڈیوٹی ادا کرتے نظر نہیں آتے

ٹریفک کے ساتھ ساتھ چاند گاڑیوں کی بھرمار اور ٹریفک اصولوں کی خلاف ورزی کے سبب ٹریفک کی روانی متاثر رہتی ہے اورحادثات معمول بن چکے ہیں، چاند گاڑیوں کے ڈرائیور ٹریفک پولیس اہلکاروں کو جُل دیکر نکلنے میں کامیاب رہتے ہیں اور سڑکوں پر جس بے ہنگم طریقے سے ڈرائیونگ کرتے وہ قابل تعزیر ہے کیونکہ ان کی لا پرواہی پر مبنی ڈرائیونگ سے نہ صرف سواریوں کی زندگیاں تو خطرے میں رہتی ہی ہیں بلکہ سڑک کنارے پیدل چلتے راہگیر بھی اس خطرے سے محفوظ نہیں،

للو والی پل ،غوث اعظم چوک میں ویگنوں اور لانگ روٹ پر چلنے والی بسوں نے اَت مچا رکھی ہے اور بیچ سڑک کے گاڑیاں کھڑی کر کے سواریاں بٹھاتے ہیں جس سے عقب سے آتی ٹریفک جام ہوجاتی ہے اور سبھی لوگ اس ٹریفک جام میں پھنس کر رہ جاتے ہیں یہ سب اس وجہ سے ہے کہ ٹریفک پولیس کا محکمہ شہر بھر کی ٹریفک کو ڈسپلن دینے یں بری طرح ناکام ثابت ہوا ہے

Shares: