اوکاڑہ باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک ظفر)اوکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات کے اساتذہ کی تربیتی ورکشاپ ،تین روزہ ورکشاپ میں جدید تدریسی رجحانات پہ تربیت فراہم کی جائے گی
تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ یونیورسٹی کے شعبہ ابلاغیات اور گجرات یونیورسٹی کے سنٹر آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن اسٹڈیز کے مابین مفاہمت کی ایک یاداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت دونوں ادارے ‘یو ایس پاکستان یونیورسٹی پارٹنرشپ گرانٹس پروگرام’ کے تحت اساتذہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو نکھارنے کےلیے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کریں گے۔
اس سلسلے کے پہلے مرحلے کا آغاز اوکاڑہ یونیورسٹی میں ہو چکا ہے۔ اس تین روزہ ورکشاپ کے ٹرینرز میں گجرات یونیورسٹی کے ڈین آف فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر زاہد یوسف، پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ ڈیجیٹل میڈیا کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سویرا شامی اور شعبہ ڈویلپمنٹ کمیونیکیشن کی سربراہ ڈاکٹر عائشہ اشفاق سمیت گجرات یونیورسٹی کے ڈاکٹر ارشاد علی، عائشہ کمال اور شہزاد احمد شامل ہیں۔
ورکشاپ کے دوران ٹرینرز شعبہ ابلاغیات کے استاذہ کوجدید تدریس کے مختلف پہلووں پہ لیکچرز دیں گے۔ تدریس میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور تحقیق کے نئے رجحانات پہ سیر حاصل بحث کی جائے گی۔
ورکشاپ کے پہلے دن ڈاکٹر سویرا شامی نے ڈیجیٹل میڈیا جب کہ ڈاکٹر عائشہ اشفاق نے تحقیق کے طریقہ ہائے کار پہ لیکچرز دیے۔
ورکشاپ کے افتتاحی سیشن سے اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرمحمد واجد، شعبہ ابلاغیات کے سربراہ ڈاکٹر زاہد بلال اور گجرات یونیورسٹی کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر زاہد یوسف نے خطاب کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ اساتذہ کو تدریس کے جدید طریقوں سے آراستہ کرنا ہماری اولین ترجیح ہے تاکہ ہم قابل اور پیشہ وارانہ تربیت کے حامل طلباء تیار کر سکیں۔
ڈاکٹر زاہد بلال نے کہا کہ ابلاغیات کے شعبہ میں پچھلے چند سالوں کے دوران بہت سی جدتیں آ چکی ہیں۔ اس ورکشاپ کے ذریعے ہم اپنے اساتذہ کو ان نئے رجحانات سے روشناس کرائیں گے۔
ڈاکٹر زاہد یوسف نے بتایا کہ اس معاہدے کا مقصد بین الاقوامی سطع پرسوشل سائنسز سے منسک اساتذہ کا ایک نیٹ ورک بنانا ہے تاکہ وہ ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے مستفید ہو سکیں۔








