اوکاڑہ یونیورسٹی کا راولپنڈی وومن یونیورسٹی اور گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی سیالکوٹ سے تعلیمی اشتراک کے معاہدے

اوکاڑہ، باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک ظفر )اوکاڑہ یونیورسٹی کا راولپنڈی وومن یونیورسٹی اور گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی سیالکوٹ سے تعلیمی اشتراک کے معاہدے
تفصیلات کے مطابق اوکاڑہ یونیورسٹی نے راولپنڈی وومن یونیورسٹی اور گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی سیالکوٹ کے ساتھ تعلیمی و تحقیقی اشتراک کے معاہدے کیے ہیں جن کے تحت یہ ادارے مختلف شعبہ جات میں ایک دوسرے کی سہولیات اور صلاحیتوں سے مستفید ہوں گے۔

مفاہمت کی ان یاداشتوں پر اوکاڑہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد واجد اور رالپنڈی وومن یونیورسٹی سے ان کی ہم منصب پروفیسر ڈاکٹر انیلہ کمال جبکہ وومن یونیورسٹی سیالکوٹ کی وی سی پروفیسر ڈاکٹر زرین فاطمہ رضوی نے دستخط کیے۔

ان معاہدوں کی رو سے اوکاڑہ یونیورسٹی دوسری دو جامعات کے ساتھ مل کر تعلیم و تحقیق کے مختلف پہلووں پر کام کرے گی جس میں اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول، طلباء کو ایک دوسرے کی لیبارٹریوں اور ہوسٹل کی سہولیات سے فائدہ اٹھانے میں مدد فراہم کرنا، باہمی اشتراک سے ورکشاپس، سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد، تحقیق اور جدت کے کلچر کو فروغ دینا اور طلباء کی پیشہ وارانہ تربیت کےلیے انٹرن شپ پروگرام کا آغاز شامل ہیں۔

اس کے علاوہ یہ ادارے تمام ثفافتی و اخلاقی اقدار کو مد نظر رکھتے ہوئے طالبات کےلیے کھیلوں کے مختلف پروگرامز بھی منعقد کروائیں گے۔

اس حوالے سے بات کرتے ہوئے پروفیسر واجد کا کہنا تھا کہ ہمارا مشن یہ ہے کہ تعلیم و تحقیق سے وابستہ اداروں اور افراد کا قومی اور بین الاقوامی سطع پر ایک وسیع نیٹ ورک تشکیل دیا جائے جس کے ذریعے ایک دوسرے کے وسائل سے فائدہ اٹھاکر پاکستان میں اعلی تعلیم کے میعار کو بہتر کیا جاسکے۔

اس سے پہلے اوکاڑہ یونیورسٹی تیس سے زائد جامعات کے ساتھ معاہدے کر چکی ہے اور ان پرعملی کام بھی شروع ہو چکا ہے۔

Leave a reply