اوچ شریف:بجلی کے بھاری بلوں نےشہریوں کی چیخیں نکلوا دیں،چیف جسٹس سوموٹوایکشن لینے کا عوامی مطالبہ

اکثرلوگوں نے ادھارلیکر یاپھراپنی بچیوں کی سونے کی بالیاں یادیگرقیمتی اشیا فروخت کرکے بجلی کے بل اداکئے ہیں

اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)بجلی کے بھاری بلوں نے صارفین کی چیخیں نکلوا کر رکھ دیں اکثرلوگوں نے ادھارلیکر یاپھر بالیاں یادیگرقیمتی اشیا فروخت کرکے بجلی کے بل ادا کرنے پر مجبور ہو گئے،چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ کیاکہ ازخود نوٹس لیتے ہوئے حکومت کی جانب سے بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکسوں کوواپس لیاجائے

تفصیل کے مطابق شہریوں مخدوم زادہ سید حسنات مزمل بخاری، حافظ جمیل احمد لنگاہ ،حسن جمیل لنگاہ، صدر انجمن تاجران رشید احمد لنگاہ ملک ظہورِ احمد، ملک شان نے بجلی کے بلوں میں غریب عوام پر لگنے والے ظالمانہ ٹیکس کو مسترد کرتے ہوئےباغی ٹی وی کو اپنے بیان میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لئے حکومت ملکی معیشت اور تاجر برادری سمیت عام آدمی کو تباہ و برباد کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے ،ہزاروں روپے سیلز ٹیکس ماہوار لگانا گھریلو صارفین و دوکانداران پر ظلم ہے،

سیاست دانوں نے اپنی حکومت کو بچانے کے چکر میں عوام کے پیٹ چاک کرنے شروع کر دیئے ہیں روزگار نہ ہونے کی وجہ سے تاجر برادری سمیت غریب عوام پہلے ہی بے حال ہے اوپر سے حکومت بجلی کے بلوں میں سیلز ٹیکس عائد کر کے معاشی قتل کرنا چاہتی ہے

شہریوں کا کہنا تھا کہ غریب عوام پریشان ہے۔شہریوں کا مذید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف بھی وڈیروں اور جاگیرداروں پر ٹیکس لگانے کو نہیں کہتا صرف عوام کا خون نچوڑنے کے احکامات دیتا ہے اور حکمران بھی عوام پر مختلف قسم کے ٹیکس لگاتے ہیں،فیول پرائس ایڈجسمنٹ کا جو ٹیکس بجلی کے بل میں آتا ہے وہ اس قدر زیادہ ہے کہ بجلی کی رقم اصل بل سے بھی زیادہ فیول ایڈجسٹمنٹ پرائس کی رقم ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ ان ٹیکسز کی وجہ سے انتہائی مشکلات کا شکار ہے پہلے ہی انتہائی مہنگائی نے عوام کی کمر توڑی ہوئی ہے اوپر سے بجلی بلوں نے عوام پر بجلی گرا دی ہے،

گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ کمرشل صارفین کو بھی اس ماہ واپڈا نے بھاری ٹیکسز لگا کر بلز بھجوا دئیے ہیں ، جس کے باعث عوام میں حکومت کی جانب سے ٹیکسز لگائے جانے پر شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے شہریوں نےباغی ٹی وی سےبات کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے ہی پیٹرول ڈیزل کی قیمتوں اورمہنگائی نے ہماری کمرتوڑ رکھی ہے اب ان بجلی بلوں نے ہماری رگوں سے خون بھی نچوڑ لیاہے

انہوں نے کہاکہ اکثرلوگوں نے ادھارلیکر یاپھراپنی بچیوں کی سونے کی بالیاں یادیگرقیمتی اشیا فروخت کرکے بجلی کے بل اداکئے ہیں انہوں نے چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ کیاکہ ازخود نوٹس لیتے ہوئے حکومت کی جانب سے بجلی کے بلوں میں اضافی ٹیکسوں کوواپس لیاجائے

Leave a reply