میرپورماتھیلو:آریوجے حقیقی کے مرکزی صدر کی شہید صحافی شاہد اشرف زہری کی قبر حاضری اور فاتحہ خوانی

ڈہرکی،میرپورماتھیلو،باغی ٹی وی (نامہ نگار مشتاق لغاری) ریجنل یونین آف جرنلسٹس (حقیقی) پاکستان رائے سجاد خان کھرل کے مرکزی صدر وزیر احمد مہر کی شہید صحافی شاہد اشرف زہری کی قبر اطہر پر حاضری اور فاتحہ خوانی کی گئی

اس موقع پر ریجنل یونین آف جرنلسٹس (حقیقی) پاکستان رائے سجاد خان کھرل کے مرکزی صدر وزیر احمد مہر نے کہا کہ محب وطنی اور وطن کی آن بان پر شہادتیں صرف وردی والوں کی میراث نہیں، یہاں ہزاروں سویلین ایسے ہیں جنہوں نے دھرتی ماں پر جواں مردی سے اپنی جانیں قربان کی ہیں ان ہزاروں گمنام شہیدوں میں شہید شاہد اشرف زہری بھی شامل ہے، شہید شاہد اشرف زہری پیشہ کے لحاظ سے تو ایک صحافی تھے مگر ان کے دل میں وطن پرستی کا جذبہ پہلے مورچے پر دشمن سے نبر آزما جوانوں سے کسی طور کم نہیں تھا

بلوچستان کے علاقے حب سے میٹرو ون نیوز کے رپورٹر شہید شاہد اشرف زہری سینے میں وطن کے لئے بے لوث محبت اور ہاتھ میں پاکستان کا پرچم لئے ہر وقت دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کو اپنے قلم کی طاقت سے للکارتا رہتا تھا، پاکستان کے حق میں ریلیاں نکالنا، دہشتگرد مردہ باد کے بینرز لگانا اور دہشت کی علامت بنے اس علاقے میں محب وطنوں کے ایک بڑی ڈھارس تھا،

بالآخر بزدل دشمن نے 10 اکتوبر 2021 کو اس شیر دل صحافی کو ٹارگٹ کیا اور اس کی گاڑی کو بم سے اڑا دیا، اور دھرتی کا یہ بیٹا دھرتی کی گود میں ہمیشہ کے لئے سلا دیا گیا، آج ہم حب میں اس شہید کی قبر پر فاتحہ کے لئے حاضر ہوئے ہیں تو قبر کی خستہ حالت دیکھ انتہائی دلبرداشتہ ہوئے ہیں، ہمیں لگا کہ ہم واقعی بے حس قوم ہیں کہ ہم اپنے شہیدوں اور ہیروز کو فراموش کرنے والی قوم ہیں،

دو سال کے مختصر عرصے میں یہاں کی انتظامیہ اور حساس اداروں کے افسران اس ہیرو کی لازوال قربانیوں کو فراموش کر بیٹھے قبر کی خستہ حالت اور بے سرو سامانی یقیناً ملک دشمن عناصر کی صفوں میں اطمینان کا سبب بن رہی ہوگی، محب وطن افراد شہید شاہد زہری کی پیروی کرنے کا سوچ کر ہچکچاہٹ محسوس کر رہے ہونگے،

مرکزی صدر وزیر احمد مہر نے کہا کہ میں ایک بار پھر متعلقہ بالا افسران سے اپیل کرتا ہوں، کہ شہید صحافی شاہد اشرف زہری کی قربانیوں کو فراموش مت کریں شہیدوں کی قبریں ہی عوام میں مٹی کے لئے مر مٹنے کی درس گاہ ہوا کرتی ہیں۔

Leave a reply