ائی جی پی خیبر پختونخوا کا نوشہرہ اور مردان میں پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا افتتاح

0
36

انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اخترحیات خان نے آج نوشہرہ اور مردان کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نوشہرہ میں پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول روم، نئے قائم شدہ ابابیل سکواڈ، پولیس لائنز باﺅنڈری وال اور پولیس ریسٹ ہاﺅس کی تزئین و آرائش کا افتتاح کیا۔نیز مردان میں پولیس چوکی بغدادہ کے افتتاح کیساتھ ساتھ نئی ذمہ داریاں سنبھالنے والے ڈویڑنل ایس پیز کو انکے عہدے کے بیجز لگائے۔
واضح رہے کہ آئی جی پی نے صوبے کے تمام ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں پولیس کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کے قیام کا فیصلہ کیا ہے۔ پشاور میں قائم کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی طرز پر پچھلے دنوں کوہاٹ میں بھی سنٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا تھا۔ اسی طرح پشاور میں ابابیل سکواڈ کی موثر کاروائیوں اور افادیت کے پیش نظر اسے مزید تین اضلاع نوشہرہ، مردان اور کوہاٹ میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور آج اس سلسلے میں نوشہرہ ابابیل سکواڈ کا افتتاح بھی کیاگیا۔
آئی جی پی نے مردان میں بغدادہ پولیس چوکی کی نو تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کیا۔ انہوں نے مردان میں نئے تعینات ہونیوالے ڈویژنل ایس پیز کو نئے عہدے کے رینک بھی لگائے۔ ڈی پی او مردان نجیب الرحمان نے آئی جی پی اختر حیات خان کو اپنے ضلع کے حوالے سے بریفینگ بھی دی۔
ان مواقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے آئی جی پی اختر حیات خان نے کہا کہ آج کل کے جدید دور میں جرائم کی بیخ کنی میں ٹیکنالوجی خصوصاً آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال بہت اہمیت اختیار کرچکا ہے۔اس کی بدولت اب مجرموں تک پہنچنا چند لمحوں میں ممکن ہے اور یہ کہ ٹیکنالوجی میں غلطی کی گنجائش بھی نہیں ہوتی۔ آئی جی پی نے ٹیکنالوجی پر مبنی پولیسنگ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف بہتر نتائج حاصل کئے جارہے ہیں ہائی ٹیک ہتھیاروں کی بدولت دہشت گردوں کے حملے پسپا کئے جارہے ہیں۔اور مزید یہ کہ پولیس کی متعلقہ علاقے میں جرائم کے سدباب پرگرفت مزید مضبوط ہو کر عوام کو بہتر اور موثر پولیسنگ کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ آئی جی پی کا مزید کہنا تھا کہ پشاور میں ابابیل سکواڈ کے کامیاب تحربے کے بعد اسے دوسرے اضلاع تک وسعت دی جارہی ہے۔ ابابیل سکواڈ کا مقصد سٹریٹ کرائم میں کمی لانا، عوام میں موجودگی اور عوام کو تحفظ کا احساس دلانا ہے اور کسی بھی حادثہ یا ایمرجنسی کی صورت میں پولیس کے رسپانس ٹائم کو کم کرناہے۔ یہ سکواڈ ضلع نوشہرہ کے گنجان آباد علاقوں، گلی محلوں اور بازاروں میں اسٹریٹ کرائم اور سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کے لیے خصوصی گشت کرے گا۔
اس سے قبل
آئی جی پی نے تختی کی نقاب کشائی کے ذریعے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ آئی جی پی کمانڈ سنٹر کے مختلف حصوں میں گئے اور وہاں پر نصب کیمروں کے ذریعے شہر کے مختلف حصوں کی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔ ڈی پی او نوشہرہ ناصر محمود نے آئی جی کو کمانڈ سنٹر کی تفصیلات بتائیں۔ آئی جی پی نے پولیس ریسٹ ہاﺅس کی تزئیں اور باﺅنڈری وال کی تعمیر کا بھی افتتاح کیا۔ جبکہ ڈی آئی جی مردان محمد سلیمان خان نے فیتہ کاٹ کر ابابیل سکواڈ نوشہرہ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
آئی جی پی نے میڈیا کو بتلایا کہ مردان میں ڈویڑنل ایس پیز کی تعیناتی کا مقصد تنظیم و نسق اور امن و امان کی صورتحال کو موثر نگرانی سے بہتر بنانا اور عوام کو سہولت فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے نو تعینات ایس پیز کو اپنے فرائضِ منصبی کماحقہ ادا کرنےکی ہدایت کی۔
ڈی آئی جی مردان محمد سلیمان خان، ڈی پی اوز اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام بھی ان مواقع پر آئی جی پی کے ہمراہ موجود تھے۔

Leave a reply