میرپورخاص،باغی ٹی وی (نامہ نگار شاہزیب شاہ) ایک ماہ گذرنے کے باوجود سپورٹس گراؤنڈ سے بارش کاپانی نہ نکالا جاسکا،یونین کونسل 4 جہاں سٹلائٹ ٹاؤن گراؤنڈ نمبر 2 کی صورتحال انتہائی خراب،شکاری پرندوں کی شکار گاہ میں تبدیل،ایک سروے کے مطابق بارش کے پانی کے ساتھ ساتھ تین اطراف سے گراؤنڈ میں سیوریج یعنی گٹروں اور نالیوں کا پانی بھی اس میں داخل کیا جارہا ہے،
بااثرلوگوں نے گراؤنڈ کی چار دیواری کے ساتھ قبضہ کرکے اپنا سامان رکھنا شروع کردیا ہے، اس بارے میں علاقے کی معروف شخصیت ڈاکٹر عبدالصبور نے باغی ٹی وی کے نامہ نگار سید شاہزیب شاہ سے صفائی کی انتہائی ناقص صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقے میں ملیریا ، جلد، گلے اور پیٹ کے تمام مرض اس گندگی کی وجہ سے ہی ہیں ، زہریلے مچھروں نے جینا دوبھر کردیا ہے ،میونسپل کمیٹی کو اس طرف خصوصی توجہ دینا ہوگی
ڈاکٹر عبدالصبور نے میئر میرپورخاص عبدالرؤف غوری اور ڈپٹی میئر جنید بلند اور یونین کونسل 4 کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ خدا کے واسطے گھروں سے نکلیں اور سٹیلائٹ ٹاؤن کے لوگوں کی جانوں کو بچائیں ۔۔ ایک اور علاقہ مکین صابر عباسی نے بتایا کہ سورج ڈھلتے ہی مچھر نام کی مخلوق جینا حرام کردیتی ہے
سونے پہ سہاگہ یہ کہ میگا نالہ پروجیکٹ کے نام پر سٹیلائٹ ٹاؤن کی عوام کو بیوقوف بنایا گیا ہے دو سال کا طویل عرصہ گذر چکا ہے گلی محلوں میں میگا نالے کے سلیپر فاؤنڈیشن جن میں کئی کئی فٹ سریا باہر نکلا ہوا ہے گراؤنڈ نمبر 2 کی چار دیواری کے ساتھ رکھ کر بھلا دئیے
گئے ہیں ،آئے دن معصوم بچے پرائمری اسکولوں کے طلباء و طالبات زخمی ہوتے رہتے ہیں،گذشتہ دنوں ایک نوجوان بھی شدید زخمی ہوگیا تھا .

اسپورٹس کے حلقوں اور سیاسی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ میئر عبدالرؤف غوری ، ڈپٹی میئر جنید بلند ، میونسپل کمیٹی کے ذمہ داران ،یونین کونسل 4 کی انتظامیہ اس سنگین مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں-








