اوچ شریف:مہنگائی کا طوفان، بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں ماند پڑگئیں

مہنگی بجلی سے تاجر اور صارف دونوں پریشان بجلی،گیس پٹرول سمیت اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ریلیف دیا جائے۔ عوامی مطالبہ

اوچ شریف، باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان)مہنگائی کا طوفان، بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں ماند پڑگئیں،کاروبار نہ ہونے کے برابر مہنگی بجلی سے تاجر اور صارف دونوں پریشان بجلی،گیس پٹرول سمیت اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ریلیف دیا جائے۔ عوامی مطالبہ

تفصیلات کے مطابق بجلی، گیس اور پٹرولیم مصنوعات سمیت آٹا، چینی، گھی کی روز بروز بڑھتی قیمتوں اور آسمان کو چھوتی مہنگائی کے باعث بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں۔ مہنگائی کا جِن دن بدن بے قابو ہوتا جا رہا ہے۔ بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ بھی کاروباری طبقے کے لئے مشکلات پیدا کر رہا ہے،

شہر کی مارکیٹوں اور بازاروں میں کاروباری سرگرمیاں ماند پڑنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔تاجر عمر خورشید سہمن ،خواجہ اسد عباس ،عدنان سجاد ملک فاروق ،ملک شفیع اعوان،محمد افضل .رضوان، مطیع اللہ، حاجی احمد نے نگران وزیراعظم سے ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیلٹی بلز ادا کرنا محال ہوگیا ہے، تاجر حضرات دوہری مصیبت میں مبتلا ہیں، گھر اور دکانوں کے بجلی،گیس ٹیلی فونز کے بل ادا کرنے کے لئے رقم میسر نہیں رہی۔

غلہ منڈی کے دکانداروں کا کہنا تھا کہ پہلے ہی ہر چیز مہنگی ہونے کی وجہ سے کاروبارتباہ ہو چکے ہیں، کرائے کی دکانیں اور ملازمین کے اخراجات نکالنا مشکل ہی نہیں بلکہ ناممکن ہو چکا ہے ،اوپر سے بجلی،گیس کے بلوں نے کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیں اور بجلی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عوام کو ریلیف دیں ،تاکہ دکاندار طبقے کو اورغریب عوام کو سکھ کا سانس مل سکے

Leave a reply