امریکا کی ریاست ٹیکساس کے علاقے ڈیلاس کے جنوب مغرب میں واقع ڈائنا سور ویلی اسٹیٹ پارک میں شدید خشک سالی کے نتیجے میں کروڑوں سال پرانے نشانات واضح ہو گئے-
باغی ٹی وی : ڈائنا سور کے مذکورہ قدموں کے نشانات سے متعلق ماہرین کا خیال ہے کہ 11 کروڑ سال پرانے ہیں،ڈائنا سور اسٹیٹ پارک کے ریٹیل منیجر پال بیکر نے بتایا کہ اس سے پہلے انہوں نے کبھی ڈائنا سور کے اتنے زیادہ قدموں کے نشانات نہیں دیکھے تھے،یہ کسی خزانے کی تلاش جیسا ہے-

انہوں نے بتایا کہ شدید قحط سالی کے باعث یہاں بہنے والا دریائے Paluxy مختلف مقامات پر مکمل طور پر خشک ہوگیا جس کے نتیجے میں ڈائنا سور کی مختلف اقسام کے 11 کروڑ سال پرانے پیروں کے نشانات سامنے آگئے،عام حالات میں یہ جگہیں پانی کے اندر چھپی ہوتی ہیں اور ان پر کیچڑ ہوتی ہے جس کی وجہ سے انہیں دیکھنا ممکن نہیں ہوتا،اس سال کا جون تاریخ کا گرم ترین جون تھا اور میں نے کبھی اس طرح اپنی 45 سالہ زندگی کے دوران دریا کو خشک ہوتے نہیں دیکھا-

ماہرین کے مطابق ریاست ٹیکساس کے ایک تہائی سے زائد حصے کو اس سال شدید خشک سالی کا سامنا ہوا اور اس کے نتیجے میں ڈائنا سور اسٹیٹ پارک میں قدیم تاریخ کے نئے باب سامنے آگئے،یہ نشانات ڈائنا سور کی 2 اقسام Acrocanthosaurus اور Sauropodseiden کے ہو سکتے ہیں۔








