حکومت پنجاب کا بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

ڈی جی خان اور راجنپور اضلاع میں بجلی چوری کے 662 علاقے اور 200 نو گو ایریاز کا انکشاف ہوا ہے
fia

ڈیرہ غازیخان،باغی ٹی وی (نامہ نگارشہزادخان)حکومت پنجاب نے بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے . کمشنر ڈی جی خان ڈویژن ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے احکامات دے دئیے. اجلاس میں آر پی او کیپٹن ریٹائرڈ سجاد حسن خان ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن کریم بخش ، چاروں ڈپٹی کمشنرزمہر شاہد زمان لک،محمد سلمان لودھی،خالد محمود،ڈاکٹر منصور بلوچ ، ڈی پی او حسن افضل سمیت چاروں ڈی پی اوز ، دیگر افسران اورمیپکو حکام شریک تھے .

کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈویژن کے ڈپٹی کمشنرز ڈی پی اوز اور میپکو حکام کے ساتھ میٹنگ کر کے آپریشن کو حتمی شکل دیں . بجلی کے مگر مچھوں پر ہاتھ ڈالا جائے. انہوں نے کہاکہ کمرشل اور گھریلو بجلی چوروں کے خلاف موثر آپریشن کیا جائیگا،ڈی جی خان اور راجنپور اضلاع میں بجلی چوری کے 662 علاقے اور 200 نو گو ایریاز کا انکشاف ہوا ہے ،

ڈی جی خان پولیس نے 560 مقدمات درج کرکے 429 بجلی چور گرفتار کئے، ڈی جی خان ڈویژن میں 422 بجلی چوروں کے چالان کئے گئے. کمشنر نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام قومی مقصد ہے ، بجلی چوری کا بوجھ عام صارف کو اٹھانا پڑتا ہے،شہری بجلی چوروں کی اطلاع دیکر قومی مہم میں حکومت کا ساتھ دیں،بجلی چوری کی اطلاع دینے والوں کا نام صیغہ راز میں رکھا جائیگا،

اجلاس میں بجلی چوری کی سرپرستی کرنے والے سرکاری ملازمین و افسران کے خلاف بھی سخت کارروائی کا فیصلہ کیاگیا . کمشنر نے کہاکہ بجلی چوروں کیخلاف ایف آئی آر کے بروقت اندراج اور پراسیکیوشن کا طریقہ کار بہتر بنایا جائیگا،بجلی چوروں کیخلاف آپریشن میں انتظامیہ اور پولیس مکمل معاونت فراہم کریگی،

انڈسٹریل یونٹس،زرعی ٹیوب ویل اور دیگر بجلی چوری پر کارروائی کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں، کمشنر نے کہاکہ بجلی صارفین کو بھی میپکو حکام ریلیف فراہم کریں، صارفین کو بجلی میٹرز کی بروقت فراہمی کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں، آر پی او سجاد حسن خان نے کہا کہ میپکو ٹیم کو سپورٹ کے ساتھ قانونی معاونت فراہم کریں گے، مقدمات کے اندراج کیلئے مکمل کوائف اور ثبوت دئیے جائیں .

Leave a reply