سرگودہا،باغی ٹی وی( نامہ نگار ملک شاہنواز جالپ سے )سرگودہا ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایس ڈی اے )کے بورڈ آف گورنرز نے ماڈل ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی میں جامعہ سرگودہا کے ملازمین کے لئے رہائشی پلاٹس کے الاٹمنٹ کی منظوری دے دی ہے ۔ بی او جی نے ماڈل ٹاؤن ہاؤسنگ سوسائٹی میں گالف کورس کے قیام کیلئے جم خانہ کو این او سی جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی ۔
اس طرح ٹرسٹ پلازہ میں خالی دکانوں کی نیلامی کیلئے کمیٹی کے قیام کی بھی منظوری دی گئی ۔ بورڈ آف گورنرز کا اجلاس کمشنر وچیئرمین ایس ڈی اے محمد اجمل بھٹی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی ‘ ڈی جی افتخار علی ‘ ایس ای پبلک ہیلتھ انجینئرنگ انوارالحق طور اور سی او ایم سی طارق پرویا کے علاوہ دیگر ممبران نے شرکت کی ۔
بی او جی نے فیسکو کنسلٹنٹ کی تبدیلی کی بھی منظوری دی۔اجلاس میں طے پایا کہ جامعہ سرگودہا کے پلاٹس کی قیمت کو فائنل کرنے کیلئے کیس حکومت کو بھجوایاجائیگا ۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ واسا کی سمری سیکرٹری ہاؤسنگ کے دفتر پہنچ چکی ہے جس پر کارروائی کا عمل جاری ہے ۔
اجلاس کو مزید بتایاگیا کہ ٹرسٹ پلازہ کی چھت پر کیفے ٹیریاکے قیام کیلئے اشتہار تیار کر کے اخبار میں اشاعت کیلئے بھجوایاجارہاہے ۔ اجلاس میں ایس ڈی اے کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے ‘ ریونیو میں اضافہ کرنے اور ملازمین کی فلاح وبہبود کیلئے کئی اہم فیصلے کئے گئے ۔









