ڈیرہ غازیخان ،باغی ٹی وی(نامہ نگارشہزادخان) ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں بلدیاتی اداروں کے ملازمین کی مسلسل بائیو میٹرک غیر حاضری پر تنخواہ کی بندش اور معطلی کی بجائے پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی مکمل کرتے ہوئے ملازمت سے سیدھا فارغ کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے ہیں۔یہ احکامات کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کئے۔

چاروں ڈپٹی کمشنرز مہر شاہد زمان لک،محمد سلمان لودھی،خالد پرویز،ڈاکٹر منصور بلوچ کے علاؤہ ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن کریم بخش،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر افسران شریک تھے۔کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا چاروں اضلاع میں میونسپل کمیٹیوں کے ملازمین کی بائیو میٹرک حاضری اور گاڑیوں کے ٹریکنگ سسٹم کو فعال رکھا جائے۔

سسٹم میں جان بوجھ کر خرابی پیدا کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ریونیو افسران زیر التوا جوڈیشل کیسز جلد نمٹائیں۔ڈپٹی کمشنرز روڈ ایکسل منیجمنٹ،پٹرول پمپس پر مرد اور خواتین کے الگ الگ واش رومز کے قیام کو یقینی بنائیں

کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ہر ضلع میں ورکنگ ویمن ہاسٹلز اور ڈے کئیر سنٹرز قائم کئے جائیں۔غیرقانونی ہاؤسنگ کالونیز اور پٹرول پمپس کے این اوسی کیلئے ون ونڈو آپریشن شروع کئے جائیں۔

ڈی جی خان ڈویژن میں موجود تمام سرکاری محکموں کی ناکاریاں گاڑیاں اور کاٹھ کباڑ فوری نیلام کردی جائیں اور نیلامی کے عمل کو شفاف بنایا جائے۔

”اب گاؤں چمکیں گے”مہم کے تحت دیہاتوں میں گلیوں اور مکانوں کے نمبرز آویزاں کرنے کے ساتھ معیاری صفائی یقینی بناتے ہوئے ڈسٹ بن رکھے جائیں۔صفائی کے اعداد وشمار کی بجائے صفائی عوام کو نظر آنی چاہئے۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب کے 26 انیشیٹوز اور دیگر معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایات جاری کی گئیں۔

Shares: