اوچ شریف: معصوم بچے کے قتل کا مقدمہ درج
اوچ شریف باغی ٹی وی (نامہ نگار حبیب خان) معصوم بچے کے قتل کا مقدمہ درج، مقتول بچے کے والد کی مدعیت میں تین افراد عنصر، یعقوب اور بلال ایف آئی آر میں نامزد، ملزمان نے قتل کے وقوعہ میں ملوث کرنے کو مخالفین کی سازش قرار دے دیا، گرفتار ملزم بلال کی معمر والدہ حیات مائی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے پولیس کو حقائق پر مبنی تفتیش کرتے ہوئے اصل ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کر دیا،
تفصیل کے مطابق اوچ شریف کے نواحی موضع مانجھی والی کی بستی ثقلین بلوچ میں ہونے والے دس گیارہ ماہ کے معصوم بچے مزمل حسین کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے مقتول کے والد مظہر کی مدعیت میں تین افراد محمد عنصر، یعقوب اور بلال ایف آئی آر میں نامزد ملزم قرار دیئے گئے ہیں جنھیں مدعی کی نشاندہی پر پولیس نے وقوعہ کے فوراً بعد حراست میں لے لیا تھا، جبکہ تینوں ملزمان نے اپنے بیان میں قتل کے واقعہ میں ملوث ہونے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے اسے مخالفین کی سازش قرار دیا،
گزشتہ روز ملزم بلال کی معمر والدہ حیات مائی نے صحافیوں کے سامنے ہاتھ جوڑتے ہوئے انصاف کیلئے اپنی آواز پولیس کے اعلی افسران تک پہنچانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس کا بیٹا بلال جو کہ دل کا مریض ہے اور دیگر گرفتار عنصر اور یعقوب کو زمین کے جھگڑے کی رنجش کا بدلہ لینے کیلئے قتل کے من گھڑت مقدمے میں گرفتار کرا دیا ہے اس قتل سے ان تینوں کا کوئی تعلق نہیں ہے
حیات مائی نے کہا کہ پولیس نے خود جائے وقوعہ کا معائنہ کیا ہے جہاں سے ملنے والے شواہد پولیس کو اصل ملزمان تک رسائی میں ضرور مدد دیں گے بزرگ خاتون نے آئی جی پنجاب، آر پی او اور ڈی پی او بہاول پور سے انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے ناحق قتل کے الزام میں ملوث اپنے مریض بیٹے بلال سمیت تینوں الزام علیہان کو رہا کرتے ہوئے معصوم بچے کے قتل کی سازش میں مخالفین کو پھنسانے والوں کو نشان عبرت بنانے کا مطالبہ کیا ہے