سیالکوٹ ،باغی ٹی وی (شاہدریاض سٹی رپورٹر)سول ڈیفنس کی طوطاچشمی،شہر میں گیس ریفلنگ اور غیرقانونی پٹرول ایجنسیوں کی بھرمار
سیالکوٹ میں گزشتہ سال قبل کئی موت اور درجنوں زخمیوں کے علاوہ کروڑوں مالیت کے مالی نقصان کے باوجود غیر قانونی منی پٹرول پمپ اور گیس ریفلنگ کا غیر قانونی دھندہ عروج پر،محکمہ سول ڈیفنس کی کارکردگی صفر ، سیالکوٹ اوردیگر گنجان آباد علاقوں اور گلی محلوں میں غیر قانونی منی پٹرول پمپ اور گیس سلنڈروں کی غیر قانونی ری فلنگ اور کھلی گیس کی فروخت دھڑلے سے جاری ہے۔ گیس کی غیر قانونی ریفلنگ کسی بھی وقت مزید کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔
تفصیل کے مطابق محکمہ سول ڈیفنس سیالکوٹ کے ذمہ داران کی عدم توجہی اور نا اہلی کے باعث شہر کے مصروف ترین بازاروں اور گنجان آباد علاقوں میں غیر قانونی منی پٹرول پمپ اور ایل پی جی گیس سلنڈروں کی ری فلنگ اور کھلی گیس کی فروخت کا خوفناک کاروبار کھلے عام جاری ہے۔محکمہ سول ڈیفنس اور مقامی انتظامیہ کی چشم پوشی کی وجہ سے جاری اس خطرناک کاروبار کے نتیجے میں آئے روز گیس سلنڈر پھٹنے اور آتشزدگی کے واقعات نے شہریوں کو خوفزدہ کر رکھا ہے۔سلنڈر پھٹنے اور آتشزدگی کے واقعات نے مقامی رہائش پذیر لوگوں میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ غیر قانونی کاروبار کی وجہ سے کسی بھی وقت مزید بڑے حادثے سے جانی و مالی نقصان ہونے کا اندیشہ لاحق ہے۔
ایس او پیز کے مطابق مسجد ، سکول، شادی ہالز ، تہہ خانہ ، فٹ پاتھ وغیرہ پر ایسی دکان نہیں بنائی جا سکتی۔ 18 سال سے کم عمر بچوں کو بھی گیس ری فلنگ کا کام کرنے کی اجازت نہیں ہوتی، صرف ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز اوگرا قوانین کے مطابق کاروبار کر سکتے لیکن سیالکوٹ میں ایسی ایس اوپیز نام کی کوئی چیز نہیں۔
اس صورتحال میں شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ ، ڈی او سول ڈیفنس اور دیگر اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس گھناونے کارروبار کو ویران علاقوں یا شہر سے باہر منتقل کیا جائے تاکہ شہری بلا خوف و خطر معمولاتِ زندگی جاری رکھ سکیں ، گیس سلنڈرز بارے ضلعی انتظامیہ کے ایس او پیز کی کھلم کھلا خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔








