اوچ شریف باغی ٹی وی ( نامہ نگار حبیب خان) اوچ شریف ۔ موٹر وے پولیس کی ایم 5 پر اوچ شریف انٹرچینج کے قریب کارروائی ، بین الصوبائی منشیات اسمگلر گرفتار ، 10 لاکھ روپے سے زائد مالیتی 745 غیر ملکی شراب کی بوتلیں برآمد ، شراب کی سپلائی سکھر سے ملتان کی جانب جارہی تھی ، منشیات اسمگلر تھانہ اوچ شریف پولیس کے حوالے ، مقدمہ درج

تفصیل کے مطابق موٹر وے ایم 5 بیٹ 25 کے ڈی ایس پی فیض اللہ خان جتوئی کی سربراہی میں آفیسرز گاڑیوں کی آن لائن چیکنگ کررہے تھے کہ اس دوران ایک کار نمبری AEG/ 862 سندھ کے ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے بھگانے کی کوشش کی جسے موٹر وے پولیس آفیسرز نے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی بنیاد پر روک کر تلاشی لی تو گاڑی سے 10 لاکھ روپےسے زائد مالیتی 7 سو 45 بوتلیں غیر ملکی شراب برآمد ہوئی ،

گرفتار ہونے والے منشیات فروش کی شناخت شعبان کے نام سے ہوئی جو کہ ایک بین الصوبائی منشیات اسمگلر گروہ کا کارندہ ہے اور سندھ سے پنجاب ، بلوچستان اور کے پی کے میں منشیات کی سپلائی کرتا ہے ،

ڈی ایس پی موٹر وے فیض اللہ خان جتوئی نے کہا کہ موٹر وے پولیس کے آفیسرز اور جوان موٹر وے پر منشیات سمیت دیگر جرائم کے خاتمہ کے لئے بھرپور طریقے سے اپنے فرائض سر انجام دے رہے ہیں ، اس موقع پرایڈمن محمد اسماعیل محرر رفیق ، ڈیوٹی آفیسر عمران شاہ و دیگر موجود تھے ، گرفتار منشیات اسمگلر شعبان کو تھانہ اوچ شریف پولیس کے حوالہ کردیا ، جس کے خلاف تھانہ اوچ شریف میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے جس سے مزید کئی اہم انکشافات متوقع ہیں

Shares: