لاہور: شہباز شریف اور دیگر سیاست دانوں کے خلاف نیب ریفرنسز تاحال لاہور کی احتساب عدالتوں کو نہیں بھجوائے جاسکے-
باغی ٹی وی: میڈیا ذرائع کےمطابق لاہور کی احتساب عدالتیں تاحال اہم سیاسی کیسز کی منتظر ہیں سپریم کورٹ نے چند نیب ترامیم کو کالعدم قرار دیا ہے جس کے بعد 50 کروڑسے کم کرپشن والے کیسز بھی نیب کے دائرہ کار میں آسکیں گےاس حوالے سے سپریم کورٹ کے واضح احکامات کو کئی روز گزر جانے کے باوجود لاہور کے اہم کیسز احتساب عدالتوں کو نہیں بھجوائے جاسکے۔
سابق وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس دوبارہ ابھی تک عدالت نہیں آیا، سابق وزیر خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی سیلمان رفیق کے خلاف پیرا گون ریفرنس بھی دوبارہ عدالت میں آنا ہے، اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان سمیت دیگر کے خلاف چنیوٹ میں معدنی ذخائر کے غیر قانونی ٹھیکوں کا ریفرنس بھی بحال ہونا تھا۔
نیب کا کیسز کا ریکارڈ احتساب عدالت جمع کروانے کا فیصلہ
اسی طرح سابق وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت دیگر کے خلاف پنجاب یونیورسٹی میں غیر قانونی بھرتیوں کا ریفرنس بھی بحال ہونا تھا، سابق ڈی جی اسپورٹس عثمان انوار کے خلاف پنجاب یوتھ فیسٹیول ریفرنس بھی بحال ہونا تھا۔
دوسری جانب نیب نے نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاست دانوں کے 80 کرپشن کیسز بحال کرتے ہوئے احتساب عدالت اسلام آباد کو خط لکھ دیا سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے ایکشن لیتے ہوئے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں 80 کیسز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے نیب نے رجسٹرار احتساب عدالت کو خط لکھ دیا جس کے بعد کل کیسز کا ریکارڈ پیش کیا جائے گا۔