سیالکوٹ باغی ٹی وی (سٹی رپورٹر شاہد ریاض)ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عدنان محمود اعوان نے کہا ہے کہ عیدمیلادالنبیﷺ بھرپور مذہبی جذبے اور جوش و خروش سے منایا جائے گا اس سلسلہ میں ضلع بھرمیں نکالے جانے والے جلوسوں کے روٹس پر پیچ ورک ، اسٹریٹ لائٹس اور صفائی ستھرائی سمیت سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے جائیں گے اور اس سلسلہ میں اسپیشل ٹریفک مینجمنٹ پلان بھی مرتب کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے نے عیدمیلاد النبیﷺ کے سلسلہ میں ڈی سی آفس کمیٹی روم میں ضلعی امن کمیٹی سیالکوٹ کے اراکین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد اقبال ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید اسد رضا کاظمی، کوآرڈینیٹر ضلعی امن کمیٹی حافظ اصغر علی چیمہ،ملک ذاکر حسین ، مولانا عقیل احمد ظہیر، حافظ غلام محی الدین جیلانی، مولانا ایوب خان، حافظ عبدالغفار، مفتی کفایت اللہ شاکر، مولانا احمد مصدق قاسمی، ظفر عباس، سید انجم الحسن گیلانی،علامہ نسیم عباس، ظفر عباس، ماسٹر فیض، ایوب اوپل، پیر غلام حسین سلطانی، حافظ آصف شیخ، پیر ظہور واصف، مولانا اقبال گھمن، انچارج سیکیورٹی برانچ حافظ سعید،سی او میونسپل کارپوریشن/ضلع کونسل الفت شہزاد، ڈی ایس پی ٹریفک محمد قاسم کے علاؤہ متعلقہ محکموں کے مقامی حکام نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر عدنان محمود اعوان نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے علماء کرام مساجد اور ممبر سے عوام الناس کو صفائی کی ترغیب اور اہمیت کے بارے میں تعلیم دیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کی ضرورت پورا سال ہر روز 24گھنٹے ہے اس معیار کو قائم کرنے کیلئے ریاستی اداروں کو جب تک کمیونٹی کی سپورٹ اور تعاون حاصل نہ ہوگا تب تک صاف ستھرے اور صحت مند معاشرے کا قیام ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا ہے محرم الحرام کے دوران قانون نافذ کرنے والے اداروں اور تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کا ضلع میں امن کی خوشگوار فضا کو قائم رکھنے کے سلسلہ میں کردار انتہائی مثبت تھا جس کی وجہ سے ضلع میں کسی بھی جگہ نقص امن پیدا نہیں ہوا جس پر ضلع امن کمیٹی کے اراکین مبارکباد کے مستحق ہیں۔

اجلاس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے عیدمیلادالنبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے جلوسوں اور محافل کے انعقاد کے سلسلہ میں اپنی آراء اور تجاویز ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ کے گوش گزار کیں۔ اجلاس کے آخر میں ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کے لیے دعا کی گئی ۔

Shares: