سوات میں تنازعے کے بعد خواتین کرکٹ ٹیموں کے مابین کرکٹ میچ کا دوبارہ انعقاد کیا گیا۔ مینگورہ کرکٹ ٹیم نے کبل ٹیم کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد سات رنز سے ہرا دیا۔ گزشتہ اتوار کو سپورٹس کمپلیکس چارباغ میں خواتین ٹیموں کے درمیان پہلا میچ کینسل ہونے کے بعد تنازعہ کھڑا ہو گیا تھا جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے سوات کے تحصیل کبل میں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول میں میچ کا انعقاد کیا۔ میچ کے انعقاد پر خواتین کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ چارباغ میں انہیں کافی مایوسی ہوئی تھی لیکن انتظامیہ نے میچ دوبارہ منعقد کرکے دل جیت لئے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ آگے بھی اس طرح کے میچز کھیلنے کی خواہش مند ہیں۔
گورنمنٹ گرلز ہائی سیکنڈری سکول میں منعقد اس میچ میں کبل ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے باولنگ کا فیصلہ کیا۔ مینگورہ کرکٹ ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ دس اوورز میں 129 رنز بنائے جس میں مناہل نے 76 جبکہ مہویش نے 28 رنز بنائے۔ جواب میں کبل کے ٹیم نے جارہانہ انداز اپنایا جس میں شہلا نے 96 رنز بنائے لیکن اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکی۔ میچ کے آخری اوورز میں کبل کی ٹیم کو 20 رنز درکار تھے تاہم وہ 13 رنز بنا سکی اور اسی طرح مینگورہ ٹیم نے کبل ٹیم کو سات رنز سے ہرا کر میچ جیت لیا۔

Shares: