راولپنڈی: اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں کارروائیوں کے دوران 212 کلوگرام منشیات برآمد کر کے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
اے این ایف حکام نے بتایا کہ ایم ون موٹروے ٹول پلازہ اسلام آباد کے قریب ایک گاڑی سے 76.8 کلو گرام چرس اور 40.7 کلوگرام افیون برآمد ہوئی۔ کارروائی کے دوران اسلام آباد کے رہائشی دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔بحریہ ٹاؤن فیز 1 میں ایک اور کارروائی میں اے این ایف نے گاڑی میں جا رہے ایک رہائشی سے 100 گرام کوکین برآمد کر لی۔ ملزمان کی گرفتاری پر مزید دو سہولت کاروں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
تیسری کارروائی جی ٹی روڈ گجرات پر ایک کار میں چھپائی گئی 2.3 کلو گرام چرس برآمد کر لی گئی۔ آپریشن کے دوران نوشہرہ اور سوات کے رہائشی دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ چوتھی کارروائی میں سیالکوٹ یونیورسٹی کے قریب رہائشی سے 200 گرام آئس منشیات برآمد کر لی گئی۔ فلائٹ نمبر PA-812 سے شارجہ جانے والے جنوبی وزیرستان کے رہائشی ملزم کو ملتان ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا گیا۔ جوتوں میں چھپائی گئی 115 گرام چرس اور اخروٹ کے خول برآمد ہوئے۔
حیات آباد میں کورئیر آفس کے پارسل سے 240 ایکسٹیسی گولیاں برآمد ہوئیں۔ برآمد ہونے والی گولیاں جوسر بلینڈر میں چھپا کر ملتان سمگل کی جا رہی تھیں۔ بلوچستان کے علاقے پسنی میں ایک گاڑی اور مکان سے پانچ کلو چرس چھ کلو آئس اور 80 کلو کرسٹل برآمد کر لیے گئے۔ تمام ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

ملک بھر میں اے این ایف کی کاروائیاں جاری،212 کلو گرام منشیات بر آمد
Shares:







