اوچ شریف،باغی ٹی وی (نامہ نگارحبیب خان )گورنمنٹ بوائز ہائی سکول اوچشریف سمیت دیگر سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کا احتجاج ، مرکزی رہنماؤں کی غیر قانونی گرفتاری اور اساتذہ پر پولیس تشدد کی مذمت ، مطالبات تسلیم کیے جانے تک تدریسی و دفتری امور کا بائیکاٹ ۔
تفصیلات کے مطابق اوچشریف میں گورنمنٹ بوائز ہائی سکول سمیت دیگر اسکولوں کے اساتذہ نے پلے کارڈ اور بینر اٹھا کر ملازمین کے بنیادی مطالبات لیو انکیشمنٹ/ ایل پی آر کی رننگ بیسک پے پر ادائیگی، پنشن رولز میں ملازم کش ترامیم اور گریجویٹی میں کمی کے خاتمے جیسے مطالبات کی منظوری کے لیے پرامن احتجاج کرنے پر پنجاب پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (پپلا) اور آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (اگیگا) کے مرکزی رہنماؤں کی گرفتاری اور اساتذہ پر پولیس تشدد کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا اور مطالبات کی منظوری تک اسکولوں میں تدریسی امور کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا گیا
احتجاج کے اس موقع پر میاں عمران صدیقی ، اللہ ڈتہ ، طارق مقبول خان ، اکمل خان ، اسحاق جوئیہ ، ملک ظفر ہمشیرہ و دیگر اساتذہ کرام کا کہنا تھا کہ ریٹائرمنٹ پر ملنے والے ایک اہم بینیفٹ یعنی لیو انکیشمنٹ کے قوانین میں تبدیلیوں کے خاتمے کے مطالبے کو حکومت پنجاب نے جولائی میں تسلیم کر لیا تھا لیکن بعد میں حسب روایت وہ اپنے وعدے سے مکر گئی تھی، انہوں نے کہا کہ یہ اطلاعات بھی آرہی ہیں کہ پنجاب حکومت کی طرف سے تنخواہوں میں سالانہ انکریمنٹ کا بھی خاتمہ کیا جا رہا ہے اور پنجاب میں ہزاروں سرکاری سکولوں کی نجکاری بھی کی جا رہی ہے، ان ملازم دشمن اقدامات کا فوری خاتمہ پپلا اور اگیگا کے بنیادی مطالبات میں شامل ہے








