پختونخوا کے عوام کو بدامنی، اور بے روزگاری جیسے مسائل سے دوچار کردیا گیا ہے،سردار حسین بابک

0
93

عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری سردارحسین بابک نے کہا ہے کہ اے این پی اٹھارہویں آئینی ترمیم پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے ہر فورم پر وکالت کرتی رہے گی۔ ملک کے مالدار ترین صوبے پختونخوا کو آئینی حقوق سے محروم رکھنے سے کروڑوں عوام کو پسماندگی اور جہالت کے دلدل میں دھکیلا جارہا ہے۔ اے این پی کے علاوہ دیگر مذہبی اور سیاسی جماعتیں اقتدار کی جنگ لڑرہی ہیں۔ ملک کو اقتصاد ی بحران سے نکالنے کیلئے 18ویں آئینی ترمیم پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ پختونخوا کے ووٹ بینک کے تقسیم کیلئے مذہبی انتہاپسندی اور لوٹاکریسی کو سرکاری حمایت حاصل ہے۔ اے این پی عوامی میں سیاسی آگاہی کیلئے، بدامنی، مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کیلئے کونے کونے میں عوامی اجتماعات منعقد کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ این ایف سی ایوارڈ کا جاری نہ کرنا، 18ویں آئینی ترمیم کو غیرفعال بنانا، بین الاقوامی تجارتی راستوں کی بندش اور پختونخوا کو قدرتی ذرائع آمدن کے استعمال اور بقایاجات ادا نہ کرنا آئین پاکستان سے کھلا انحراف ہے۔ سردارحسین بابک کا کہنا تھا کہ پختونخوا کے عوام کو بدامنی، غربت اور بے روزگاری جیسے مسائل سے دوچار کردیا گیا ہے۔ پختونخوا اور پشتونوں کو غیرسیاسی بنانے کیلئے مذہبی انتہاپسندوں اور اقتدار کے بھوکے امیدواروں کی پرورش اور حوصلہ افزائی ملک و قوم کیلئے انتہائی خطرناک اور نقصان دہ ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پختونخوا کے عوام کو نظریاتی سیاست سے دور رکھنے کیلئے تعلیمی نصاب، صحافت، انتہاپسندی اور غیرنظریاتی افراد کا سہارا لیا جارہا ہے۔ اے این پی ایک نظریے کا نام ہے اور یہ نظریہ انسانی ضروریات کو پورا کرنے اور انکے حقوق امن و جمہوریت کیلئے لازوال قربانیوں سے بھری پڑی ہے۔ اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو اپنے بہتر مستقبل کیلئے امن کے قیام اور جمہوریت کی بحالی، آئین اور پارلیمان کی بالادستی کو یقینی بنانے کیلئے سرخ پرچم تلے جمع ہونا ہوگا۔ بدامنی کو جاری رکھنا پختونخوا کے وسائل پر قبضہ برقرار رکھنے کیلئے ضروری سمجھا گیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اے این پی کا منشور عوام کے مسائل کا حل ہے، حکمرانوں کو ماضی سے سبق سیکھ لینا چاہئیے کیونکہ عوامی نیشنل پارٹی کے منشور پر عمل کر کے ان تمام مسائل کو ختم کیا جاسکتا ہے۔

Leave a reply