کوٹ مبارک ،باغی ٹی وی ( نامہ نگار امداداللہ ) ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان کی شہید سب انسپکٹر رضوان محبوب کے گھر آمد، لواحقین سے ملاقات کرکے اظہار تعزیت، بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی اور دعاکی۔ شہید کے بچوں کو خصوصی پیار کیا۔ شہید کی فیملی کو امدادی چیک پیش کرکے بچوں اور فیملی کی مکمل کفالت کی یقین دہانی۔ ڈیرہ غازی خان میں واقع پل ڈاٹ کا نام شہید کے نام سے منسوب کرنے کا حکم۔ ٹیچنگ ہسپتال ڈی جی خان میں زخمی ہونے والے اہلکاران کی عیادت، اہلکاران کو امدادی رقوم دیکر ہسپتال انتظامیہ کو بہترین علاج معالجہ کی ہدایت۔ پولیس پولیس خدمت کاوئنٹر کا وزٹ، تمام تر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے احکامات۔
تفصیلات کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان کیپٹن (ر) سجاد حسن خان ضلع ڈیرہ غازی خان میں ڈاکوؤں کا جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے شہید سب انسپکٹر رضوان محبوب کے گھر پہنچے۔ آر پی او نے شہید کے لواحقین اور بچوں سے تعزیت کی اور شہید کے بلندی درجات کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ آر پی او نے شہید کی فیملی کو امدادی چیک پیش کیا، شہید کے بچوں کو پیار کیا، بچوں کو خصوصی تحائف دئیے اور ان کے سر پر دست شفقت رکھا۔ اس موقع پر ڈی پی او احمد محی الدین، ایس پی لیگل خرم شہزاد، اے ایس پی سٹی رحمت اللہ بھی ہمراہ تھے۔
آر پی او نے ڈیرہ غازی خان میں واقع پل ڈاٹ کا نام شہید کے نام سے منسوب کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ شہید کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے آر پی او کا کہنا تھا کہ عوام الناس کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جوان ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ فرائض کی راہ میں جان کا نذرانہ پیش کرنے والے اور زخمی ہونے والے جوانوں کو میں سلام پیش کرتا ہوں ان کی لازوال قربانیوں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
پنجاب پولیس اپنے بہادر فرزند کی اس قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، ہم آپ کی مکمل کفالت کریں گے۔ شہید کی فیملی اور کم سن بچوں کی ویلفیئر کا مکمل خیال رکھا جائے گا۔ ہمارے دروازے ہر وقت آپ کے لیے کھلے ہیں کسی بھی ضرورت کے پیش نظر آپ رابطہ کر سکتے ہیں۔
اس کے بعد آر پی او ٹیچنگ ہسپتال ڈیرہ غازی خان پہنچے جہاں آر پی او نے ڈاکوؤں سے مقابلہ کے دوران زخمی ہونے والے اہلکاران کی عیادت کی، پھول پیش کیے اور انہیں امدادی رقوم دیں۔ آر پی او نے زیر علاج اہلکاران کو دلیری وجوانمردی سے ڈاکوؤں کا مقابلہ کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔ زخمی اہلکاروں کو مکمل علاج و معالجہ کی یقین دہانی کرائی۔
آر پی او نے ہسپتال انتظامیہ سے ملاقات کرکے زخمی اہلکاروں کو اب تک فراہم کردہ علاج معالجہ کے بارے میں دریافت کیا اور بہترین طبعی سہولیات کی فراہمی کی ہدایات جاری کیں۔ آر پی او نے ہسپتال میں پولیس خدمت کاوئنٹر کا وزٹ کر کے فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیکر تمام تر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کیے۔