سرگودھا چلڈرن ویلج میں سرگودھا یونیورسٹی کے اشتراک سے بچوں کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

سرگودھا،باغی ٹی وی (نامہ نگارشاہنوازجالپ)سرگودھا چلڈرن ویلج میں سرگودھا یونیورسٹی کے اشتراک سے بچوں کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب کا انعقاد
نیشنل کمیشن برائے انسانی ترقی کے زیراہتمام SOS ویلج میں سرگودھا یونیورسٹی کے اشتراک سے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر تقریب کا انعقاد کیاگیا۔اس موقع پر مختلف اداروں کے سربراہان جس میں اسٹیشن منیجر یسوسی ایٹیڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) مخدوم شاہ لطیف قریشی، چیئرمین میڈیا سٹڈیز سرگودھا یونیورسٹی نعمان یاسر،حسن رضا، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز سرگودھا محمد نعیم ملک اور چیئرپرسن سوشل میڈیا یونیورسٹی آف سرگودھامیڈم بینش اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر این سی ایچ ڈی سرگودھا آصف تارڈ،محمد اقبال،میڈم آمنہ طاہر اوراے ایس پی سٹی سرکل عبدالسمیع نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق عمر دراز جھاوری نے کہا آج پاکستان سمیت دُنیا بھر میں بچوں کا عالمی دن منایا جا رہا ہے۔ اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد عالمی سطح پر بچوں کی تعلیم، صحت، تفریح اور ذہنی تربیت کے حوالے سے شعور اُجاگر کرنا ہے تاکہ یہ بچے مستقبل میں معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔ اس سال عالمی یوم ِاطفال کا موضوع ”ہر بچے کی شمولیت“ ہے جس کا مقصد اس بات پر زور دینا ہے کہ ہر بچہ چاہے وہ کسی بھی معاشرے، برادری یا قومیت سے تعلق رکھتا ہو، مساوی حقوق کا حقدار ہے۔

وطن ِعزیز میں اس دن کی مناسبت سے ہر سطح پر بڑی بڑی تقریبات تو منعقد کی جاتی ہیں لیکن افسوس کہ یہاں نہ تو بچوں کی جسمانی صحت قابل ِفخر ہے اور نہ ہی ان کے حقوق سے متعلق سماجی آگہی فراہم کی جاتی ہے۔

اس موقع پر اسٹیشن منیجر اے پی پی مخدوم شاہ لطیف قریشی کا کہنا تھا کہ ملک میں چائلڈ لیبر ایکٹ تو موجود ہے لیکن پھر بھی ہوٹلوں، کارخانوں، اینٹوں کے بھٹوں اور ورکشاپس پر بچوں سے مشقت کرائی جاتی ہے جو کہ اُن ننھی کلیوں کے ساتھ سراسر ظلم ہے۔

حکومت چائلڈ لیبر ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات اُٹھا رہی ہے۔ بچوں کا دن آپﷺ سے شروع ہوا کیونکہ آپ ﷺنے یتیم بچوں پر ہاتھ رکھ کر فرمایا کہ یتیم بچے پر پیار سے ہاتھ رکھیں اور جتنے ہاتھ کے نیچے بال آئیں گے اتنی آپکو نیکیاں ملیں گی۔آخر میں ڈینگی کے حوالے سے ایک واک ریلی کا بھی اہتمام کیا گیا جو کہ SOS سینٹرکے ہال سے نکالی گئی اور مین گیٹ پر اختتام پذیر ہو گئی

Leave a reply