بابا گورونانک دیوجی کے 554 ویں جنم دن کی تین روزہ تقریبات میں شرکت کیلئے 3ہزار سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ ننکانہ صاحب میں بابا گورونانک کی تین روز تقریبات کا دوسرا روز ہے ، ان تقریبات میں بھارت سمیت اندرون و بیرون ممالک سے ہزاروں سکھ یاتری شریک ہیں ، سکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات ادا کرنے میں مصروف ہیں ۔ بھارت سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں کو خصوصی بسوں اور سکیورٹی کے حصار میں سچا سودا فاروق آباد روانہ کیا جا رہا ہے ، سکھ یاتری یاترا کرنے کے بعد واپس شام کو واپس گوردوارہ جنم استھان آئیں گے۔یاتری 27 نومبر کو نگر کیرتن کے جلوس میں شرکت کریں گے ، 25 نومبر کو اکھنڈ پاٹ کی رسم سے شروع ہونے والی تقریبات 27 نومبر کو بھوگ کی رسم کیساتھ اختتام پذیر ہو جائیں گی۔
ڈی پی او صاعد عزیز کے مطابق 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار اپنی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں ، گوردواروں سے ملحقہ راستوں کو خار دار تاریں اور بیئرز لگا کر عام عوام کا داخل بند کیا گیا ہے ۔گوردوارہ جات اور اس سے ملحقہ راستوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں ،گوردواروں کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ اور سکینر بھی لگائے گئے ہیں ۔واضح رہے کہ پاکستان میں سکھ مت کے پیرو کاروں کے کئی مذہبی مقامات موجود ہیں جنہیں وہ مقدس مقامات کا درجہ دیتے ہیں، بابا گورو نانک کا جنم استھان (پیدائش گاہ) اور ان کی سمادھی (آخری آرام گاہ)، دونوں مقامات پاکستان میں ہی موجود ہیں۔

Shares: