پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کا نواں ایڈیشن چار شہروں میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے جن میں لاہور، کراچی، راولپنڈی اور ملتان شامل ہیں۔مجوزہ شیڈول میں 18 فروری کو لاہور میں ہونے والا پہلا میچ طے کیا گیا ہے۔ تاہم، کچھ فرنچائزز نے سرد موسم اور دھند کو ممکنہ رکاوٹوں کے طور پر بتاتے ہوئے اس وقت کے مناسب ہونے کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا ہے۔ایک متنازعہ نکتہ 19 مارچ کو کراچی میں ہونے والے مجوزہ فائنل کے گرد گھومتا ہے۔ ٹیمیں ٹکٹوں کی آمدنی کو متاثر کرنے والے ممکنہ کم ہجوم کے بارے میں خوفزدہ ہیں۔ اس کے جواب میں ملتان سلطانز نے سٹیڈیم کو بھرنے کے لیے خاطر خواہ شائقین لانے پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے فائنل کی میزبانی ملتان میں کرنے کی تجویز دی ہے۔
ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ پشاور زلمی مسلسل پشاور میں میچز کرانے کی وکالت کر رہی ہے اور اس بات پر زور دے رہی ہے کہ سٹیڈیم کا تعمیراتی کام دو ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ تاہم پی سی بی نے ابھی تک پشاور کو میزبان شہروں میں شامل کرنے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ،مارچ میں رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے دوران ڈبل ہیڈرز کے شیڈول پر بھی اعتراضات ہیں۔ پی سی بی پی ایس ایل ڈرافٹ ایونٹ کے دوران 13 دسمبر کو شیڈول جاری کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
واضح رہے کہ ملک میں عام انتخابات کے باعث پی ایس ایل کو متحدہ عرب امارات منتقل کرنے کی تجویز سامنے آئی تھی۔ تاہم پی سی بی نے بالآخر پورا ایونٹ پاکستان میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
Shares:








